لاہور،کراچی ،اسلام آباد،کوئٹہ،ڈی جی خان (سٹاف رپورٹر،نمائندہ خصوصی سے ،ڈسٹرکٹ رپورٹر) بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کا 144 واں یوم پیدائش گزشتہ روز انتہائی عقیدت واحترام اور ملی جوش وخروش سے منایا گیا ۔دن کا آغاز نماز فجر کے بعد خصوصی دعاؤں سے کیا گیا جس میں قائدکی روح کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی اور دعائے مغفرت کی گئی۔وفاقی دارالحکومت میں 31 جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔ مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب بھی ہوئی جس میں اعلیٰ حکومتی، عسکری اور سیاسی شخصیات شریک ہوئیں، اس موقع پر مزار قائد پر پھولوں کی چادریں چڑھائی گئیں اور فاتحہ خوانی کی گئی۔پی ایم اے کیڈٹس کے چاق و چوبند دستے نے گارڈز کے فرائض سنبھال لیے ۔تقریب میں خواتین کیڈٹس کا دستہ بھی شامل تھا۔پاک فضائیہ کا دستہ اپنے فرائض سے سبکدوش ہوا۔یوم قائدکی مناسبت سے لاہور سمیت ملک بھر میں سیمینار، کانفرنسز اور مذاکروں کا اہتمام کیا گیا جن میں بابائے قوم کی مسلمانان ہند اور پاکستان کے قیام کے لئے کی جانے والی انتھک اور ناقابل فراموش خدمات کے اعتراف کے طور پر خراج تحسین پیش کیا گیا۔ سرکاری اور نجی ٹی وی چینلز اور ریڈیو پاکستان سے بانی پاکستان کی شخصیت کے حوالے سے خصوصی پروگرام پیش جبکہ اخبارات اور رسائل خصوصی مضامین شائع کئے گئے ۔گورنر سندھ عمران اسماعیل،وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور دیگر نے بھی مزارقائد پر حاضری دی ،فاتحہ خوانی کی اورپھولوں کی چادر بھی چڑھائی۔ کراچی میں مزار قائد ؒ پر عسکری، سیاسی اور سماجی شخصیات نے مزار قائد ؒ پر حاضری دی اور مہمانوں کی کتاب میں اپنے اپنے تاثرات درج کئے ۔ ڈی جی خان میں بھی یوم قائد نہایت ہی عقیدت اور احترام سے منایا گیا سرکاری ونجی تعلیمی اداروں میں کیک کاٹے گئے ۔ ادھر زیارت ریذیڈنسی کے سبزہ زار میں قومی پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی جس میں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر جام کما ل خان، ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری، صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء لانگو، کمانڈر سدرن کمانڈ، آئی جی ایف سی بلوچستان ،صوبائی وزراء اور ارکان اسمبلی نے تقریب میں شرکت کی۔