لاہور(کامرس رپورٹر)پاکستان میں قازقستان کی معاشیات کی بنیاد زراعت اور صنعتوں پر ہے لہذا دونوں ممالک کو ان شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا چاہیے ۔ ان خیالات کا اظہار قازقستان کے سفیرآکان رخمیتولین نے لاہور چیمبر کے صدر عرفان اقبال شیخ، سینئر نائب صدر علی حسام اصغراور نائب صدر میاں زاہد جاوید احمد سے لاہور چیمبر میں ملاقات کے موقع پر کیا۔ ایگزیکٹو کمیٹی ممبران حارث عتیق، حاجی آصف سحر، عاقب آصف ، فیاض حیدر، ذیشان سہیل ملک ، محمد ارشد خان، شفیق احمد بٹ ، خالد عثمان ، سابق نائب صدر فیصل اقبال شیخ و دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ سفیر نے کہا کہ دونو ں ممالک کو غیر ملکی براہ راست سرمایہ کاری کی اشد ضرورت ہے ، تاہم اس سلسلے میں دونوں ممالک ایک دوسرے کے تعاون سے مطلوبہ نتائج برآمد کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کو دو طرفہ تجارتی حجم میں اضافے کیلئے کوشش کرنا ہو گی۔ اس سلسلے میں تجارتی وفود کے تبادلے اور تاجروں درمیان کے براہ راست روابط اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے پاکستانی تاجر برادری کو قازقستان کی تاجر برادری سے ملاقاتوں کے اہتمام اور سرمایہ کاری و کاروباری معاملات میں بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔