لاہور(نمائندہ خصوصی سے ) ڈائریکٹر جنرل اوقاف پنجاب ڈاکٹر طاہر رضا بخاری نے حضرت داتاگنج بخش ؒ کے 979 ویں سالانہ عرس کی استقبالیہ تقریب کے سلسلے میں چوتھے روزبین المدارس و جامعات کے طلباء کے مابین " مقابلہ حسن قرأت" کی منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ حضرت داتا گنج بخشؒ کی خانقاہ، علوم قرآن کا مرکزتھی، حضرت اقبال نے آپؒ علوم و معارف ِ قرآنیہ کا پاسبان قرار دیا۔ عہدِ حاضر میں قرآنی افکار کی ترویج کے لیے سیّدہجویرؒ کے طرزِ زیست سے رہنمائی کی ضرورت ہے ۔قرآنی افکار کا فروغ اور سیرت طیبہﷺکی ترویج، وقت کی اہم ضرورت ہے ، اسی سے فلاحی معاشرے کی تشکیل کی بنیادیں فراہم ہونگی۔ دینی مدارس علوم ومعارف کا مرکز اور ہماری اسلامی تاریخ کا درخشاں باب ہیں۔اسلام امن، رواداری،محبت اور انسان دوستی کا دین ہے ،ان افکار اور تعلیمات کا ابلاغ ہماری ذمہ داری ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ قرآن و سنت کی روشنی میں عصری مسائل کے قابل عمل حل کے لیے تحقیق کو فروغ دنیا مسلم اْمّہ کی ذمہ داری ہے ۔مقابلہ حسن قرأت میں لاہور سمیت پنجاب بھر کے 50 سے زائد کالجز، یونیورسٹیز اور مدارس کے طلبا ء شریک ہوئے ۔ مقابلہ میں جامعہ ہجویریہ داتاؒ دربار کے طالب علم عبد الوہاب ولد اسحاق ابراہیم نے پہلی، گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور کے حافظ فیصل احمد ولد امجد اقبال نے دوسری اور جامعہ رضویہ ماڈل ٹاؤن لاہور کے زین العابدین ولد نذیر حسین نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ اس موقع پر ایڈ منسٹریٹر داتا دربار شاہد حمیدورک، خطیب داتا دربار مفتی رمضان سیالوی، پرنسپل جامعہ ہجویریہ صاحبزادہ بدر الزماں قادری،منیجر داتادربار شیخ جمیل،شیخ الحدیث مفتی صدیق ہزاروی،ابوالخیر زوار حسین نعیمی،قاری غلام فرید الحسنی اور مفتی ہاشم قادری سمیت اکابر علمی و دینی شخصیات موجود تھیں۔دریں اثناء ڈائریکٹر جنرل اوقاف نے پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ میں انعامات و اعزازات بھی تقسیم کیے ۔