لاہور(سٹاف رپورٹر)مرکزی جماعت اہل سنت پاکستان کی آٹھویں سالانہ انٹرنیشنل عزت رسولﷺ کانفرنس کا آغاز ہوگیا ہے ،کانفرنس میں اندرون اور بیرون ملک سے ہزاروں عقیدت مندوں نے شرکت کی۔ کانفرنس کی پہلی نشست سے خطاب کرتے ہوئے مشائخ عظام اور علما کرام نے کہا ہے کہ قانون ناموس رسالتﷺ 295Cمیں تبدیلی نامنظور، لیکن اس قانون کے غلط استعمال کیخلاف ہیں۔ امت مسلمہ انفرادی مسائل کو چھوڑ کراجتماعی مسائل پر متحد ہوجائے ۔پاکستان سمیت تمام مسلمان ممالک قادیانیوں کو قلیدی عہدوں سے ہٹائیں۔اقوام عالم اسلام فوبیا سے باہرنکلیں۔مولانا فضل الرحمٰن کا لانگ مارچ موجودہ صورتحال میں ملک دشمنی کے مترادف ہے ، مسئلہ کشمیر پر حکومت پاکستان عملی اقدامات کرے ، سیاسی و مذہبی جماعتوں کا متفقہ اعلامیہ اقوام عالم کے سامنے رکھاجائے ۔ ناصر باغ میں ہونیوالی سالانہ انٹرنیشنل عزت رسولﷺ کانفرنس کی صدارت پیر عبدالخالق القادری امیر مرکزی جماعت اہل سنت پاکستان کررہے ہیں جبکہ مبلغ اسلام پیر سید محمد عرفان مشہدی نے خصوصی خطاب کیا۔ نظامت کے فرائض سید احسان گیلانی اور قاضی عبدالغفار قادری نے انجام دئیے جبکہ سابق وفاقی وزیر سید حامد سعید شاہ کاظمی ،دیوان احمد مسعود چشتی،جامعہ نعیمیہ کے ناظم اعلی ڈاکٹر راغب حسین نعیمی ،پیر سید حبیب عرفانی، پیر نصر المحمود تونسوی، پیر نجم مہاروی، پیر ظفر اقبال عابد،علامہ عبدالقادر برطانیہ،شیخ لطیف البرزنجی بغداد عراق،پیر شجاع الحق ہاشمی خضدار اور پیر ارشد حسین گردیزی بھی شریک ہوئے ۔ڈاکٹر علامہ راغب حسین نعیمی نے کہا کہ پاکستان میں نبی کریم ﷺکی عزت اورناموس کی حفاظت کیلئے قانون موجود ہے لیکن پاکستان میں ناموس رسالت کی حفاظت کیلئے باہر نکلنا ہوگا۔ مذاہب کیلئے قا ئم امریکی کمیشن مسلسل اس قانون کیخلاف سازش کر رہا اور اسکے خاتمے کیلئے دباؤ ڈالا جا رہا ہے ، پاکستانی حکومت خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے ، قادیانیت نواز لابی پاکستان پر پابندیاں لگانے کی سازشیں کررہی ہے ۔پاکستان میں اقلیتوں کو مکمل آزادی حاصل ہے اسکے برعکس بھارت میں اقلیتوں کیساتھ جو زیادتیاں کی جارہی ہیں وہ کسی کو نظر نہیں آرہیں ۔ پیر سید حبیب عرفانی نے کہاکہ امت مسلمہ کو متحد ہونے کی ضرورت ہے ،انفرادی مسائل کی بجائے اجتماعی مسائل کرنے کی طرف قدم بڑھائے جائیں، سب کو اپنی اپنی حیثیت میں اور اجتماعی طور پر اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ مفتی جمیل احمد صدیقی نے کہا کہ اہلسنت کے ایمان کی بنیادحضرت محمدﷺ کے عظمت کے احترام پر ہے ،نبی ﷺکی تعظیم ہمارا ایمان ہے ، یہی جنت کا راستہ ہے ۔ مقررین کا کہنا تھا کہ مسلمان جان و مال عزت رسول ﷺ پرقربان کرنا سعادت سمجھتے ہیں، امت مسلمہ شدید مسائل کا شکار اور کفار نے چاروں اطراف سے گھیر رکھا ہے ، پاکستان کو بطور ایٹمی طاقت اورذمہ دار مسلمان ملک آگے بڑھ کر امت مسلمہ کو متحد کرنا چاہئے ، مودی کے اقدامات بھارت کے ٹکڑے ہونے کا باعث بنیں گے ، کشمیری بلاجرم دو ماہ سے زائد گھروں میں قید ہیں لیکن انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں بالخصوص اقوام متحدہ کشمیریوں کو مودی کے عذاب سے چھٹکارا دلانے میں ناکام ہوچکے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان کا اقوام متحدہ سے خطاب کشمیر، فلسطین اوردیگر مسلمان ممالک کے مسائل حل نہیں کرسکتا اس لئے کشمیر اورامہ کے دیگر مسائل پر عملی اقدامات کئے جائیں اور مسلمان ممالک کو بھی آن بورڈ لیا جائے ۔دوسری اورآخری نشست کے بعد کانفرنس کا متفقہ اعلامیہ آج جاری کیا جائیگا۔