اسلام آباد(سپیشل رپورٹر؍ اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حضرت محمد ﷺ نے مضبوط معاشرے کی بنیاد رکھی، 12 سال کی قلیل مدت میں 2 سپر پاورز روم اور فارس نے نئے انقلاب کے سامنے گھٹنے ٹیک دیئے ، اسلامکے بنیادی اصولوں پر عمل کرکے مسلمان کامیابی اور کھوئی ہوئی عظمت حاصل کرسکتے ہیں، جن ممالک نے ان اصولوں پرعمل کیا وہ ترقی کرگئے ،جن ممالک میں قانون کی حکمرانی نہیں ہوتی وہ جلد یا بدیر تباہ ہوجاتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مراکش کے شہر رباط میں عالمی سیرت کانفرنس سے ورچوئل خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم نے کہا مدینہ کی ریاست 2 بنیادی اصولوں پرقائم ہوئی، ایک قانون سب کیلئے برابرہوگا اور دوسرا فلاحی ریاست ہوگی، پہلے قومیں اس لئے تباہ ہوئیں کیوں کہ امیر،غریب کیلئے الگ الگ قانون تھا، جن ممالک میں قانون کی حکمرانی نہیں ہوتی اور جنگل کا قانون ہوتاہے کہ جس کی لاٹھی اس کی بھینس، وہ ممالک جلد یا بدیر تباہ ہوجاتے ہیں۔وزیراعظم نے کہا مدینہ کی فلاحی ریاست میں غریب، بوڑھوں، یتیموں، خواتین کا خیال رکھا جاتا تھا۔عمران خان نے چین کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہم نے چین کی حالیہ ترقی دیکھی جہاں 30 سال میں 70 کروڑ افراد کو غربت سے نکالا گیا، انہوں نے نہ صرف معاشرے میں غریبوں کا خیال رکھا بلکہ 700 وزرا سطح کے افسران کو کرپشن پر جیل میں ڈالا، طاقتور کو قانون کے نیچے لایا گیا، یہ معاشرے کی ترقی کا راز ہے ۔انہوں نے کہا ریاست مدینہ قانون کی حکمرانی اور انسانیت کی بھلائی کی بنیاد پر قائم ہوئی،امید ہے مسلمان ممالک ریاست مدینہ کے بنیادی اصولوں پر عمل کرکے اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کر لیں۔انہوں نے کہا قانون کی حکمرانی اور فلاحی ریاست کے سنہری اصول ہی عظیم تہذیب اور بنانا ریاست میں فرق واضح کرتے ہیں۔علاوہ ازیں وزیراعظم نے ضلع ہری پور میں 10 بلین ٹری سونامی پروگرام کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا عالمی یوم ماحولیات کے موقع پر تقریبات کی میزبانی پاکستان کااعزاز ہے ،پاکستان دنیا کے ان چند ممالک میں شامل ہے جو ماحولیاتی تبدیلیوں اور عالمی حدت سے نمٹنے کے لئے سنجیدہ کوششیں کررہے ہیں،یہ اقدامات دکھاوا نہیں بلکہ آنے والی نسلوں کے لئے بہتر پاکستان کے لئے ہیں۔انہوں نے کہا پاکستان ان دس ممالک میں شامل ہے جو ماحولیاتی تبدیلیوں کا سب سے زیادہ شکار ہیں،دریائوں کا انحصار گلیشئرز پر ہے اور عالمی حدت کی وجہ سے جس تیزی سے یہ پگھل رہے ہیں اس سے پانی کی صورت میں بہت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے ، یہی صورتحال بھارت کے ساتھ بھی ہے ۔انہوں نے کہا ہم کوششیں کررہے ہیں تاکہ آنے والی نسلوں کے لئے بہتر پاکستان چھوڑ کر جائیں۔اس موقع پر وزیر اعظم نے پودا بھی لگایا۔علاوہ ازیں وزیراعظم سے وزیرِ دفاع پرویز خٹک ، وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا ، صوبائی وزیر برائے ہائر ایجوکیشن پنجاب راجہ یاسر ہمایوں سرفراز،چیئرمین نیا پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل (ر) انور علی حیدر نے ملاقات کی۔