لاہور(میاں رئوف)وزیر اعلی کے حکم سے سرکاری اراضی پر قبضہ کرنے والوں اور پشتی بانوں کے خلاف مزید گھیرا تنگ کرنے کا فیصلہ، پنجاب پولیس کو اہم ٹاسک سونپ دیا گیا۔ذرائع کے مطابق صوبائی محکمہ داخلہ پنجاب کی کاوشوں کے پیش نظر بورڈ آف ریونیو ، بلدیات، انٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ اور پنجاب پولیس کے مابین حکومتی ترجیحات کی روشنی میں سرکاری اراضی پر گذشتہ دس سالوں کے دوران قبضہ کرنے والوں فہرستیں از سر نو مرتب کی جا رہی ہیں۔ جن کے ساتھ ساتھ سرکاری املاک پر ہاتھ صاف کرنے والوں کو اہم مواقع پر قانون کی گرفت سے بچانے والوں کی فہرستیں بھی از سر نو مرتب ہوں گی ، جس کے بعد دونوں فہرستوں میں شامل با اثر افراد کے خلاف بیک وقت اوربھرپورکارروائی شروع کی جائے گی ۔ نئی لسٹوں کی تیاری میں پنجاب پولیس اہم کردار ادا کرے گی ۔ تھانہ انچارج سے لے کر ڈی ایس پی اور ایس پی رینک کے آفیسرز زمینی حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے معلومات یکجا کر کے سرکاری اراضی پر ہاتھ صاف کرنے والوں کے ناموں کی فہرستیں تیار کرنے میں معاون کا کردار ادا کریں گے ۔ تیار کی جانے والی فہرستوں میں قبضہ کرنے والے فرد /گروپ کا نام، اس کا کس سیا سی پارٹی یا مذہبی جماعت سے تعلق ہے ، قبضہ کی گئی اراضی کا مجموعی رقبہ، موضع، شہر، تحصیل و ضلع کے علاوہ ماضی میں ان کے خلاف اگر قانونی کارروائی ہوئی، تو کس کی پشت پناہی کے سبب قانونی کارروائی سے محفوظ رہے ، جیسی معلومات بھی شامل کی جائیں گی ۔