پشاور(خبرنگار،92نیوز)خیبرپختونخوا میں ضم اضلاع کی 16صوبائی نشستوں پر انتخابات کل (ہفتہ) ہوں گے ، جس کیلئے 2 خواتین اور202آزاد امیدوار بھی میدان میں ہیں ۔ 464انتہا ئی حساس ترین پولنگ سٹیشنز کے اندر اور باہر فوج تعینات ہوگی جبکہ باقی ماندہ پولنگ سٹیشنز کے باہر فوج تعینات ہو گی، تمام پولنگ سٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے ہیں،پریذائیڈنگ افسروں کو الیکشن میٹریل آج (جمعہ)دیا جائے گا ، انتخابات میں شکایات اور ابتدائی نتائج کے حصول کیلئے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل کی سربراہی میں 2ٹیموں پر مشتمل کیمونیکیشن پلان مرتب کیا گیا ہے ۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی خصوصی ہدایت پرانتخابات کے دوران کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں ایمرجنسی کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے ،کنٹرول روم 19 جولائی شام 5بجے سے 21 جولائی شام 5بجے تک 24گھنٹے بلا تعطل فرائض انجام دے گا۔ دریں اثنا الیکشن کمیشن نے قبائلی اضلاع کے 16صوبائی حلقوں کے انتخابات میں آر ٹی ایس استعمال کرنے کے معاملہ پر انتخابی نتائج کی ترسیل کیلئے وٹس ایپ استعمال کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ الیکشن کمیشن کے ذرائع نے بتایا ہے کہ الیکشن کمیشن نتائج کی ترسیل کیلئے نادرا کاسافٹ وئیر استعمال نہیں کیا جائیگا۔متعلقہ پریزائیڈنگ اور اسسٹنٹ پریزائیڈنگ افسران بذریعہ واٹس ایپ فارم 45 ریٹرننگ افسران کو بھیجیں گے ۔نادرا سافٹ وئیر استعمال نا کرنے کی بڑی وجہ قبائلی اضلاع میں تھری جی سروس کا نہ ہونا ہے ۔باجوڑ کے علاوہ 6 قبائلی اضلاع میں تھری جی سروس میسر نہیں۔ دوسری جانب الیکشن کمیشن نے قبائلی حلقہ پی کے 115میں الیکشن موخر کرنے کی درخواست مستر د کرتے ہوئے منی لانڈرنگ کے معاملے کا انتخابات کے بعد جائزہ لینے کا فیصلہ کرتے ہوئے 6 اگست تک سماعت ملتوی کر دی ۔