پشاور(صباح نیوز)گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان کی زیر صدارت جمعہ کوگورنرہاؤس پشاورمیں خیبرپختونخوا اپیکس کمیٹی کا اجلاس ہوا،جس میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان بھی شریک ہوئے ، اجلاس میں قبائلی اضلاع میں صوبائی نشستوں کے انتخابات سے متعلق سکیورٹی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا،اجلاس کو بتایاگیاکہ قبائلی اضلاع میں پرامن انتخابات کیلئے تمام عسکری و سول سکیورٹی ادارے پوری طرح تیار ہیں، حتمی سکیورٹی پلان کے مطابق 34ہزار 497 سکیورٹی اہلکار بشمول آرمی، پولیس، خاصہ دار، لیویز اور ایف سی ڈیوٹی پر مامور کئے گئے ہیں۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنرز اور ڈی پی اوزکوجیت کی خوشی میں ہوائی فائرنگ روکنے کو یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی،اجلاس میں گورنرشاہ فرمان نے کہاکہ پرامن اور شفاف انتخابات کا انعقاد حکومت کی ترجیحی ذمہ داری ہے ۔اجلاس میں چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا سلیم خان، کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل شاہین مظہر محمود، آئی جی محمد نعیم اورسیکرٹری داخلہ نے بھی شرکت کی۔