پشاور(ممتاز بنگش)فاٹا کے خیبر پختونخوا میں انضمام کے بعد متعدد محکموں کے ملازمین کو قبائلی علاقوں میں بھیجنے کیلئے حکمت عملی وضع کرلی گئی ہے ،وہ تمام ادارے جن کے دفاتر اس وقت قبائلی علاقوں میں نہیں ان کے وہی ملازمین بھیجے جائیں گے جن کا تعلق ان قبائلی علاقوں سے ہے ،ان محکموں میں پولیس سرفہرست ہے ،پولیس میں کام کرنے والے تمام قبائلی اہلکاروں اور افسروں کو انکے رہائشی علاقوں بھیجنے کی تیاری اور فہرست مکمل کرلی گئی ہے ،اس طرح ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن اور محکمہ مال کے ملازمین کو قبائلی علاقوں میں بھیجا جائے گا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وہاں قبائلی باشندوں کے علاوہ کوئی جانے کے لئے تیار نہیں ہوگااسلئے یہ فیصلہ فوری طور پر دفتری امور شروع کرنے کے لئے کیا گیا ہے ،ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ یہ فیصلہ اس لئے بھی کیا گیا ہے کہ اس سے خزانے پر کم سے کم بوجھ پڑے گا۔