مکرمی !شالیمار لنک روڈ کے بڑے میاں درس کے قدیم قبرستان میں لوگوں نے ناجائز قبضہ کر رکھا ہے۔مکینوں کا کہنا ہے کہ قبروں پر پتھر کی سلیں بنانے والوں نے اپنا کاروبار قبرستان میں شروع کر رکھا ہے‘یہ لوگ قبریں مسمار کر کے اپنا کاروبار کر رہے ہیں اس مذموم دھندے میں ملوث لوگ قبرستان میں قبریں مسمار کر کے اپنے راستے بنا رہے ہیں قبرستان میں کبوتر باز اور دوسرے قبضہ مافیا والے بھی اپنا کاروبار کررہے ہیں۔کئی مکینوں کا کہنا ہے قبرستان سے ان کے آبائو اجداد کی قبریں غائب ہو گئی ہیں اور وہاں لوگوں نے قبضہ کر رکھا ہے۔ایک مکین کا کہنا ہے کہ اس نے یونین کونسل میں درخواست بھی جمع کرا رکھی ہے مگر کوئی شنوائی نہیں ہو رہی پتھر کی نیم پلیٹیں جو قبروں پر لگائی جاتی ہیں‘ انہیں ہٹا کر یہ لوگ اپنا کاروبار کررہے ہیں جن کو روکنے والا کوئی نہیں۔ قبرستان پتھر اور دوسری ناجائز تجاوزات سے بھرا پڑا ہے۔ بعض قبضہ مافیا نے قبرستان میںاپنے مکانات بنا رکھے ہیں جو کچھ دیر پہلے کچے تھے بعد میں انہیں پکا کر لیا گیا۔ علاقہ کے لوگوں کا مطالبہ ہے کہ قبرستان کی چار دیواری مکمل کی جائے قبرستان میں کاروبار کرنے اور ناجائز قبضہ کو بند کیا جائے۔ (محمد یونس و اہل علاقہ لاہور)