لاہور،فیصل آباد،کمالیہ(اپنے رپورٹر سے ،وقائع نگارخصوصی)محکمہ اینٹی کرپشن نے کمالیہ میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم نوازشریف کے قریبی ساتھی سابق سینیٹر فاروق احمد سے 342کنال سرکاری زمین واگزار کرا لی ۔لیگی رہنما فاروق احمد نے 1998ئمیں سرکاری زمین پر قبضہ کیاتھا۔اس زمین کی مالیت 2ارب روپے سے زیادہ ہے ۔قبل ازیں اینٹی کرپشن فیصل آباد سابق سینیٹر کی طرف سے جعل سازی کے ذریعے 858 کنال سرکاری اراضی اپنے نام کروانے کے معاملہ پر بھی کارروائی کرچکی ہے جس میں فاروق خان نے جعلسازی کے ذریعے 858 کنال سرکاری اراضی کو کمالیہ شوگر ملزم کے نام کرواتے ہوئے اس پر نیشنل بینک سے دو ارب 65 کروڑ روپے کا قرضہ حاصل کر رکھا تھا۔ جسے اب واپس کروا دیا گیا ہے اور یہ اراضی بھی واگزار کرواتے ہوئے پنجاب انڈسٹریل ڈویلپمنٹ بورڈ کے نام پر بحال کروا دیا گیا ہے ۔ سابق سینیٹر فاروق خان کے خلاف اینٹی کرپشن ریجن فیصل آباد نے سرکاری خزانہ کو نقصان پہنچانے اور جعلسازی کرنے پر مقدمہ بھی درج کرلیا ہے ۔ علاوہ ازیں لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے عملے نے جوہر ٹاؤن سکیم میں کارروائی کر کے ایل ڈی اے کی ملکیتی کروڑوں روپے مالیت کی 4کنال سے زائدکمرشل اراضی واگزار کرالی ہے ۔ایل ڈی اے کے عملے نے جوہر ٹائون کے بلاک میں شان بھٹی روڈ پر واقع چار چار مرلے کے 12اور آٹھ مرلے کے ایک کمرشل پلاٹ پر غیر قانونی تعمیر شدہ دکانیں اور دیگر تعمیرات مکمل طور پر مسمار کر کے اس ار اضی کا قبضہ حاصل کر لیا ۔یہ13 کمرشل پلاٹ56مرلے اراضی پر واقع تھے اورکسی کو بھی الاٹ نہیں کئے گئے تھے ۔باقی ایک کنال سے زائد اراضی پارکنگ کے لئے مختص تھی۔