مکرمی !کھیل کوئی بھی ہو اس میں قسمت کا بھی بڑا عمل دخل ہوتا ہے اگر آپ کی قسمت اچھی نہیں تو آپ کچھ بھی کر لیں کامیابی نہیں مل سکتی، کبھی کبھار اچھا کیلنے کے باوجود آپ ہارجاتے ہیں جیسے کرکٹ ورلڈ کپ کے فائنل میں نیوزی لینڈ کو انگلینڈ کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا، حالانکہ دونوں ٹیموں کا سکور برابر رہا تھا، مگر قانو ن کچھ ایسے تھے جو انگلینڈ کے حق میں گئے جیسے اوور تھرو کے چار ایکسٹرا رنزملے ۔کرکٹ ماہرین کے مطابق وہ 5رنز ہونے چاہیے تھے مگر ایمپائر نے 6رنز دیے ۔ایمپائر کی غلطی کاخمیازہ نیوزی لینڈ کو شکست کی صورت میں ملا۔ٹورنامنٹ کے گروپ میچز میں قسمت نے نیوزی لینڈ کا ساتھ دیا، نیوزی لینڈ کی ٹیم گروپ میچز میں زیادہ اچھا پرفارم نہ کر سکی مگر سیمی فائنل اور فائنل میں ٹیم نے چیمپئین کی طرح کھیلا لیکن قسمت نے اس کا ساتھ نہیں دیا۔نیوزی لینڈ کو اپنے آخری تینوں میچز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جبکہ اس کے ساتھ پوائنٹ برابر کرنے والی پاکستان کی ٹیم اپنے آخری چاروں میچز جیتنے کے باجود سیمی فائنل میں نہ پہنچ سکی تھی۔پاکستان کی بھی بدقسمتی رہی جسے اپنے سے کمزور حریف سری لنکا کے ساتھ ایک میچ میں بارش ہونے کی صورت میں1پوائنٹ کا نقصان اٹھا نا پڑا تھا، کرکٹ ماہرین کے مطابق فائنل میں نیوزی لینڈ کی ٹیم انگلینڈ سے بھی اچھا کھیلی مگر قسمت نے اس کا ساتھ نہیں دیا۔ (مہرین صدیقی، کراچی)