لاہور(احتشام الحق) پاکستان اور بنگلہ دیش کے مابین ٹی ٹونٹی سیریز کیلئے قذافی سٹیڈیم لاہور میں تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہو گئیں۔ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان 24، 25 اور 27 جنوری کو کھیلے جا نے والے ٹی ٹونٹی میچز کے لیے قذافی سٹیڈیم لاہور میں انتظامی اورآرائشی تیاریاں زور شور سے جارہی ہیں۔ سٹیدیم کی اندرونی بلڈنگ پر رنگ روغن جاری ہے ، انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اگلے ایک دو روز میں تزئین وآرائش کا کام مکمل کر لیا جائے گا ۔ تماشائیوں کے بیٹھنے کے لئے مختلف انکلوژرز بھی صاف کر دیئے گئے ہیں۔ قذافی سٹیڈیم میں میچوں کے لئے سینٹر کی دو پچز کی تیاری آخری مرحلے میں ہے ۔ہیڈ کوچ مصباح الحق نے بھی گراؤنڈ انتظامیہ سے پچز کی تیاری کے سلسلہ میں تبادلہ خیال کیا ہے ۔ذرائع کے مطابق سری لنکا سیریز کے برعکس پچز بیٹنگ فرینڈلی ہوں گی۔ایک دن کے آرام کے بعد قومی سکواڈ کا تربیتی کیمپ آج دوبارہ شروع ہو گا ۔حارث رؤف اور شعیب ملک بھی آج تربیتی کیمپ میں ایکشن میں دکھائی دیں گے ۔