اسلام آباد (این این آئی)بھارتی جاسوس و دہشتگرد کلبھوشن جھادیو کو 16جولائی کو قونصلر رسائی دینے کے معاملے پربھارتی ناظم الامور نے اس دن قونصلر رسائی کو سبوتاژ کرنے کا منصوبہ بنایا۔ سفارتی ذرائع نے بتایاکہ کلبھوشن نے بھارتی سفارتکاروں کا گھناؤنا منصوبہ ناکام بنا دیا۔بھارتی ناظم الامور گوروو آہلووالیا کی کلبھوشن جھادیوسے تلخ کلامی ہوئی ۔ذرائع کے مطابق بھارتی ناظم الامور نے کلبھوشن کو دیکھتے ہی دماغی طور پر غیرحاضر اور پاگل قرار دے دیا، کلبھوشن نے غصے میں بھارتی ناظم الامور کو کھری کھری سنادیں۔ذرائع کے مطابق کلبھوشن نے جواب دیا کہ آپ ایک نیوی کے سینئر کمیشن افسر کو پاگل اور دماغی غیر حاضر کیسے کہہ سکتے ہیں؟میں بالکل ہشاش بشاش، تندرست اور دماغی طور پر مکمل حاضر ہوں۔ ذرائع کے مطابق بھارتی ہائی کمیشن کے صرف ایک سفارتکار کو کلبھوشن سے ملاقات کی اجازت دی گئی، بھارتی ناظم االامور کے اصرار پر دو سفارتکاروں کی ملاقات کرائی گئی۔ کلبھوشن نے پاکستانی اعلیٰ حکام سے مکالمہ کیاکہ کیا میں پاکستان میں بھی بہت مشہور ہوں۔پاکستانی حکام نے جواب دیا ’’ جی ہاں! کیونکہ آپ جاسوسی اور دہشتگردی کے مجرم ہیں ‘‘۔