لاہور،چونیاں، راولپنڈی(کر ائم ر پو رٹر،92 نیوز رپورٹ، تحصیل رپورٹر،رپورٹر92نیوز) صوبائی دارالحکومت میں خونی کھیل نہ رک سکا ،قاتل ڈور نے نوجوان پروفیسر کی جان لے لی ہے جبکہ جڑواں شہروں بالخصوص راولپنڈی میں ہونے والی بسنت کے موقع پر فائرنگ کے نتیجے میں پانچ سالہ بچے کے سر میں گولی گھس گئی ،اسلام آباد میں کورال کے علاقے میں گلے پر ڈور پھرنے سے موٹرسائیکل سوار جاں بحق ہوگیا۔ بتایا گیا ہے کہ چونیاں کے نواحی شہر کنگن پور کا رہائشی گورنمنٹ دیال سنگھ کالج میں تعینات پروفیسر محمد آفتاب لاہور مسلم ٹائون موڑ پُل سے گزر رہا تھا کہ ڈور پھرنے سے موقع پر ہی دم توڑ گیا ۔اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی ،لاش گھر پہنچتے ہی گھر میں کہرام مچ گیا ۔نمازجنازہ کے بعد پروفیسرمحمدآفتاب کومقامی قبرستان میں سپردخاک کردیا گیا۔ آئی جی پنجاب نے لیکچرار کی ہلاکت کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کر لی اور ملزمان کو جلد گرفتار کر کے سخت کارروائی کا حکم دیا ہے ۔یاد رہے کہ پروفیسر محمد آفتاب دو سال قبل امریکہ سے کیمسٹری میں پی ایچ ڈی کرکے پاکستان واپس گھر آیا تھا اور مرحوم کی کچھ دن بعد شادی بھی تھی ۔دریں اثنا سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر نے لیکچرار آفتاب احمد کے ہلاکت کے جائے حادثہ کا معائنہ کیا اور افسوس کا اظہار کیا ۔ دوسری طرف وزیراعلیٰ پنجاب کے نوٹس پر ایس ایچ او اچھرہ کو معطل کرکے ڈی ایس پی اچھرہ محمد اظہراسحاق کو وضاحتی لیٹر جاری کر دیا گیا۔ دریں اثنا لاہور پولیس پتنگ بازی کے خلاف کریک ڈائون مزید سخت کرنے جا رہی ہے ۔ادھر راولپنڈی میں بھی پتنگ بازی کا سلسلہ جاری رہا ۔ پانچ سالہ بچے کے سر میں گولی گھس جانے کا واقعہ تھانہ وارث خان کی حدود بالمقابل سینٹ میری سکول (آریہ محلہ ) میں عدیل نامی دکاندار کے گھر پیش آیا، جہاں چھت پر پانچ سالہ بچہ طلحہ کھیل رہاتھاکہ اس دوران ایک گولی اسکے سر میں گھس گئی ، بچے کو تشویش ناک حالت میں ہسپتال پہنچادیاگیا ، ادھر تھانہ کورال کے علاقے میں موٹرسائیکل سوار ڈور پھر جانے کے باعث جاں بحق ہوگیا، جس کی نعش پمز پہنچادی گئی جبکہ ڈور پھرنے سے مختلف علاقوں میں خواتین اور بچوں سمیت متعدد افراد زخمی ہو گئے ۔ متعددشہریوں کو پکڑاگیا اور مقدمات بھی درج ہوئے ہیں تاہم پولیس بسنت کو روکنے میں کامیاب نہ ہوسکی۔