لاہور(اشرف مجید)پنجاب پولیس کے انتہائی حساس ہیڈ کوارٹرز قربان لائن میں لاکھوں روپے کی چوری ہونے کا انکشاف ہوا ہے جس سے اعلیٰ افسروں میں تھر تھلی مچ گئی ،افسر اپنی نا اہلی چھپانے کے لئے چوری کا واقعہ دبانے کے لئے کوشاں ہیں ۔تفصیلات کے مطابق قربان لائن میں موجود ٹریفک ہیڈ کوارٹر پنجاب کے اکائونٹ سیکشن میں آہنی سیف سے لاکھوں روپے چوری ہونے کی اطلاع جب افسران کو پہنچی تو ا نہوں نے اکائونٹ سیکشن کے تمام عملے کو طلب کر لیا ،ذرائع کے مطابق گھنٹوں انکوائری کے دوران اکائونٹ سیکشن کے ایک اہلکار ، اور ایک سابق اکائونٹنٹ کو بھی شامل تفتیش کیا گیا ، سیکشن انچارج اور دیگر تمام عملہ انکوائری کے دوران الزام ایک دوسرے پر ڈالتے رہے جبکہ متعدد نے خود کو بچانے کیلئے اعلیٰ پولیس افسروں کی سفارشیں بھی کر انا شروع کر دیں،افسران کی جانب سے متعلقہ تھانہ ریس کورس پولیس کو واقعہ کی اطلاع دی گئی لیکن کیس کو مکمل خفیہ رکھنے کے بارے میں بھی ہدایات جاری کی گئی ہیں ،ذرائع کا کہنا ہے کہ سیف کو توڑا بھی نہیں گیا جس پر انکوائری کی جا رہی ہے کہ آیا سیف کی چاپیاں تیار کی گئی تھیں، سابق اکائونٹ افسر یا موجودہ اکائونٹ آفیسر نے رقم چوری کی ہے ،اس حوالے سے جب تھانہ ریس کورس کے ایس ایچ او انسپکٹر شاہزیب سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے بتایا کہ چوری کی واردات کے بارے میں 15ایمرجنسی پولیس کو اطلاع دی اور نہ ہی مقدمہ کیلئے تھانے میں درخواست دی گئی ،درخواست آئی تو قانون کے مطابق کارروائی کرینگے ۔