لاہور (سپورٹس رپورٹر ) انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ اور ٹی 20 سیریز کھیلنے کیلئے انگلینڈ میں موجود پاکستان ٹیم کے کھلاڑی وورسٹر شائر میں اپنے قرنطینہ کی14 روزہ مدت مکمل کرنے کے بعد ڈربی شائر پہنچ گئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے قومی کرکٹ ٹیم کی ڈربی شائر میں مصروفیات کے حوالے سے شیڈول جاری کیا گیا ہے جس کے مطابق 14جولائی کو قومی سکواڈ میں شامل ایک رکن بذریعہ ویڈیو کانفرنس، میڈیا نمائندگان سے گفتگو کیلئے دستیاب ہو گا۔ 15 اور 16 جولائی کو پاکستان کرکٹ ٹیم تین، تین گھنٹوں پر مشتمل 2 ٹریننگ سیشنز میں شرکت کرے گی اور یہ سیشنز برطانوی وقت کے مطابق صبح 10 اور دوپہر 2 بجے شروع ہوں گے ۔قومی کرکٹ ٹیم 17 تا 20 جولائی 4 روزہ انٹرا سکواڈ پریکٹس میچ کھیلے گی جبکہ 21 جولائی کو قومی سکواڈ میں شامل ایک رکن بذریعہ ویڈیو کانفرنس، میڈیا نمائندگان سے گفتگو کیلئے دستیاب ہوگا۔ 22 اور 23 جولائی کو پاکستان کرکٹ ٹیم تین، تین گھنٹوں پر مشتمل 2 ٹریننگ سیشنز میں شرکت کرے گی اور یہ سیشنز برطانوی وقت کے مطابق صبح 10 اور دوپہر 2 بجے شروع ہوں گے ، 24 تا 27 جولائی قومی کرکٹ ٹیم دوسرا 4 روزہ انٹرا سکواڈ پریکٹس میچ کھیلے گی۔قومی سکواڈ میں شامل ایک رکن 28 جولائی کو بذریعہ ویڈیو کانفرنس، میڈیا نمائندگان سے گفتگو کیلئے دستیاب ہو گا۔ یکم اگست کو قومی سکواڈ کی پہلے ٹیسٹ میچ کیلئے ڈربی سے مانچسٹر روانگی ہوگی۔