قصور،فیصل آباد، اسلام آباد ،لاہور(92نیوز رپورٹ سپیشل رپورٹر، نامہ نگار،جنرل رپورٹر) حکومتی فیصلے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کئی شہروں میں نجی سکول کھل گئے ۔خلاف ورزی کے واقعات مالاکنڈ، سوات، قصور اور دیگر شہروں میں پیش آئے جبکہ محکمہ تعلیم نے سوات میں 25سکول سیل کرکے 10 پرنسپلز کو گرفتار کرا دیا۔آل پاکستان پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن کاکہنا ہے کہ سکولز ایس او پیز کے مطابق کھول رہے ہیں ۔ سی ای او ایجوکیشن قصور ناہید واصف نے کہا کہ حکومتی رٹ چیلنج نہیں ہونے دینگے ۔آل پاکستان پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن کے مرکزی صدر میاں شبیر ہاشمی نے کے پی کے میں اساتذہ کی گرفتاری کی سخت مذمت کی ہے ۔ فیصل آباد میں کوئی بھی نجی سکول نہیں کھولا گیا، تمام ادارے بند رہے ۔ آل پاکستان پرائیویٹ سکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن کے صدر ملک ابرار حسین نے کہا ہے کہ تعلیمی ادارے کھولنے کا مقصد کسی سے عناد یا ضد بازی نہیں ،حکومت سے پھر درخواست کرتے ہیں کہ بچوں کو پڑھنے دیا جائے ۔ادھر صوبائی وزیر تعلیم مراد راس نے سکول کھولنے سے قبل ایس او پیز کے معاملہ پر مشاورت کیلئے نجی سکولوں کی میٹنگ18 اگست کو طلب کرلی ۔میٹنگ پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ کے کمیٹی روم میں ہوگی ۔