قطر نے پاکستان میں 3 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے۔ قطر نے سرکاری میڈیا سے اعلان میںکہا ہے کہ سرمایہ کاری ڈیپازٹ اور ڈائریکٹ انویسٹمنٹ کی صورت میں ہو گی۔ قطر کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان شراکت داری 9 ارب ڈالر کی ہو گی۔ اس میں شبہ نہیں کہ پاکستان کی معاشی صورتحال ماضی کی حکومتوں کے اللوں تللوں کی وجہ سے اس نہج پر پہنچ چکی ہے جہاں اسے سنبھالا دینے کے لئے موجودہ حکومت کو نئے اقتصادی و معاشی بندوبست کرنا پڑرہے ہیں۔ اس سلسلہ میں وزیراعظم عمران خان شروع دن سے اب تک جس طرح کوششیں کر رہے ہیں وہ کسی سے پوشیدہ نہیں ۔ قطر کی طرف سے اربوں ڈالر کی نئی سرمایہ کاری کا اعلان اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے لئے نہ صرف حالات بہتر ہو گئے ہیں بلکہ دوست ممالک کی طرف سے امداد و سرمایہ کی فراہمی سے ملک میں روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہو رہے ہیں۔ وزیراعظم کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان کا یہ کہنا درست ہے کہ یہ نئے رشتے کا آغاز ہے جو پاک قطر تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جائے گا۔ حقیقت یہی ہے کہ پی ٹی آئی حکومت پوری دنیا میں پاکستان کے تشخص وقار، قومی سلامتی، دفاع اور معاشی کا مقدمہ لڑ رہی ہے اور اس میں یک گونہ کامیابی ملی ہے جو اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان نہ صرف علاقے کے ملکوں بلکہ عالمی سطح پر ایک باوقار اور معاشی طور پر مستحکم ملک کی معیشت ابھر کر سامنے آسکتا ہے۔