اسلام آباد،راولپنڈی(سپیشل رپورٹر ،92نیوز رپورٹ)پاکستان اورقطر نے تمام شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے پر اتفاق کرلیا۔آئی ایس پی آرکے مطابق آرمی چیف جنرل قمرجاویدباجوہ دوروزہ سرکاری دورے پرقطرپہنچ گئے ، آرمی چیف نے قطرکے نائب وزیراعظم،وزیرمملکت دفاعی امور سے ملاقات کی،سپہ سالار قطرکی مسلح افواج کے چیف آف سٹاف سے بھی ملے ،ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے امور،دفاعی و سکیورٹی تعاون اورعلاقائی صورتحال پرگفتگوکی گئی،آرمی چیف نے کہا کہ دونوں ممالک قریبی دوستانہ،برادرانہ تعلقات کی بہترین تاریخ رکھتے ہیں،دوطرفہ برادرانہ تعلقات دیرپاشراکت داری میں تبدیل ہورہے ہیں،قطرنے افغان امن عمل میں قابل قدر کردار ادا کیا،آئی ایس پی آرکے مطابق قطری قیادت نے علاقائی امن و استحکام میں پاکستانی کاوشوں کوسراہا،دونوں جانب سے برادرانہ تعلقات کومزیدمستحکم بنانے پراتفاق کرلیاگیا ۔