لاہور(سپورٹس رپورٹر) قائداعظم ٹرافی فرسٹ الیون ٹورنامنٹ کے آخری راؤنڈ کے دوسرے روز ناردرن کے سرمد بھٹی اوربلوچستان کے عماد بٹ کی سنچریاں ، وقاص احمد کے 5 شکار، سنٹرل پنجاب نے سدرن پنجاب کے خلاف رنز کا پہاڑ کھڑا کر دیا۔سٹیٹ بینک سٹیڈیم کراچی میں جاری میچ کے دوسرے روز بھی سنٹرل پنجاب کے بلے باز چھائے رہے ۔ احمد شہزاد اور عبداﷲ شفیق کے بعد عثمان صلاح الدین اور محمد سعد نے شاندار سنچریاں سکور کرکے پہلی اننگز میں سنٹرل پنجاب کا مجموعہ 597 رنزتک پہنچا دیا۔ جواب میں سدرن پنجاب نے 1 وکٹ کے نقصان پر 23 رنزبنالئے ہیں ۔یو بی ایل سپورٹس کمپلیکس کراچی میں جاری میچ میں ناردرن کی پوزیشن مستحکم ہے ۔ میچ کے دوسرے روز کے اختتام پر خیبرپختونخوا کی ٹیم پہلی اننگز میں255 رنز کے خسارے کا شکار ہے جبکہ اس کے 6 کھلاڑی آؤٹ ہوکر پویلین واپس لوٹ چکے ہیں۔ سرمد بھٹی نے 109رنز کی اننگز کھیلی ۔ ناردرن کے فاسٹ باؤلر وقاص احمد 5وکٹیں حاصل کیں ۔نیشنل سٹیڈیم کراچی میں جاری میچ میں بلوچستان نے اپنی پہلی اننگز 9وکٹوں کے نقصان پر 471 رنزبناکر ڈکلیئر کردی۔ جواب میں سندھ نے 1وکٹ کے نقصان پر 71 رنزبنالیے ہیں۔