کوئٹہ، سکردو ، حافظ آباد، سیالکوٹ، قصور، پھالیہ، (نیوز ایجنسیاں، ڈسٹرکٹ رپورٹرز، تحصیل رپورٹر) قلعہ سیف اللہ میں کوئٹہ، ژوب قومی شاہرہ پر کان مہتر زئی کے علاقہ میں مسافر بس اور تیل بردار وین کے درمیان تصادم سے 13 افراد زندہ جل گئے ، دونوں گاڑیوں کو آگ لگ گئی اور وہ جل کر بری طرح تباہ ہوگئیں، وین میں ایرانی ڈیزل کے کین موجود تھے جس سے دونوں گاڑیاں آگ کی لپیٹ میں آگئیں، نعشیں مکمل طور پر جھلس گئیں، نعشوں کی شناخت کیلئے ڈی این اے ٹیسٹ کیا جائے گا، ڈی سی قلعہ سیف اللہ نے بتایا مسافر بس ڈی جی خان سے کوئٹہ آرہی تھی، جاں بحق ہونیوالوں کا تعلق ڈی جی خان، لورالائی اور کوئٹہ سے ہے ۔ سکردو میں مسافر وین کھائی میں جا گری، حادثے کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق اور وین کا ڈرائیور شدید زخمی ہو گیا، پولیس کے مطابق شدید برف باری کے باعث حادثہ پیش آیا ، زخمی ڈرائیور اور ایک لاش کو نکال کر ہ سپتال منتقل کر دیا ہے ، مزید 2 لاشیں نکالنے کے لیے امدادی کارروائی رات گئے تک جاری رہی۔ حافظ آباد میں چھنی کریم داد کے قریب تیز رفتار کار کی دو موٹر سائیکلوں کو ٹکر سے ایک شخص جاں بحق اور 3افراد زخمی ہوگئے ، سندھواں تارڑ کا رہائشی ثقلین عباس موٹر سائیکل پر علی زین اور صبا رانی کے ہمراہ حافظ آباد سے اپنے گاؤں سندھواں تارڑ ج جارہے تھا ، چھنی کریم دار کے قریب تیز رفتار کار نے انکے موٹر سائیکل سمیت دو موٹر سائیکلوں کو ٹکر دے ماری ، ثقلین عباس موقع پر جاں بحق ہوگیا۔ سیالکوٹ میں نامعلوم تیز رفتار گاڑی کی ٹکرسے نوجوان 22 سالہ عاطف جاں بحق ہوگیا، عاطف ڈسکہ روڈ پر آڈھاسٹاپ کے قریب پیدل سڑک کراس کر رہا تھا ، نامعلوم گاڑی نے ٹکر ماردی ، عاطف موقع پر چل بسا۔ قصور میں پھول نگر ملتان روڈ آرائیں ماڈل فارم کے نزدیک ٹریفک حادثہ میں موٹر سائیکل سوار جاں بحق ہوگیا، محمد ریاض پھول نگر سے پتوکی جا رہا تھا ، آرائیں ماڈل فارم کے قریب پہنچا توتیزرفتار ڈالے نے ٹکر دے ماری ، وہ بری طرح کچلے جانے سے موقع پر جاں بحق ہوگیا ۔ پھالیہ میں دوگل کے قریب دو موٹر سائیکلوں کے درمیان تصادم ہوگیا، خاتون قریب سے گزرنے والے ڈمپر کی زد میں آکر موقع پر جاں بحق ، شوہر زخمی ہوگیاموضع دہالہ کے رہائشی میاں بیوی موٹر سائیکل پر تھے ، دوگل کے قریب سامنے سے آنے والے موٹر سائیکل سے ٹکرا گئے ، موٹر سائیکل پر سوار خاتون قریب سے گزرنے والے ڈمپر کی زد میں آکر موقع پر جاں بحق ہو گئی ۔