لاہور، کوئٹہ، گمبٹ، محمد نگر (سپیشل رپورٹر، آن لائن، نامہ نگاران )بلوچستان کے ضلع قلعہ سیف اﷲ میں ٹرک اور کوئٹہ سے ژوب جانیوالی مسافر وین کے درمیان علی خیل کے مقام پر خوفناک تصادم کے نتیجے میں 15افراد جاں بحق اور 20زخمی ہوگئے ، ڈی سی قلعہ سیف اﷲ ڈاکٹر عتیق کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 5 بچے اور ایک خاتون شامل ہیں، 5 افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے ، 5 زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے جنہیں کوئٹہ منتقل کردیا گیا، حادثے کے بعد کوئٹہ کے ٹراما سینٹر میں تمام سرجن ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکس کو طلب کیا گیا، وزیراعلی بلوچستان جام کمال نے حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا زخمیوں کو علاج کی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں۔ جاں بحق ہونے والوں میں سلطان محمد ، محمد الیاس ، دائود شاہ ، سلطان بی بی ، عصمت اﷲ ، میر حمزہ ودیگر اور5بچے شامل ہیں ، قلعہ سیف اﷲ کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی، سول ہسپتال کوئٹہ کے ٹراما سینٹر اور بولان میڈیکل کمپلیکس ہسپتال ، مفتی محمود ہسپتال کچلاک اور قومی شاہراہ پر قائم دیگر ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی ہے ۔ گمبٹ میں قومی شاہراہ پر تیز رفتار مسافر کوچ کی موٹر سائیکل کو ٹکرحادثے میں موٹرسائیکل سوار 4 افراد جاں بحق ہو گئے ، متوفیوں کی شناخت پربھو مل، چندو مل، راجہ کمار اور سریش کے ناموں سے ہوئی، چاروں محنت مزدوری کے لئے رانی پور جا رہے تھے ۔ لاہورگڑھی شاہو میں ٹرک کی ٹکر سے خاتون جاں بحق اور اسکا شوہر زخمی ہو گیا،گڑھی شاہو پل کے قریب ندیم مسیح موٹر سائیکل پر بیوی فرزانہ کے ساتھ تھا، پیچھے سے آنے والے ٹرک نے ٹکر مار دی، فرزانہ موقع پر چل بسی، ندیم مسیح کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا، ٹرک ڈرائیور فرار ہوگیا۔ محمدنگر میں سیمنٹ سے لوڈ تیزرفتارٹرالراور موٹرسائیکل رکشہ میں ٹکر سے رکشہ ڈرائیور جاں بحق ہوگیا نواحی گاؤں 163 ای بی کے قریب حادثہ میں 35 سالہ محمد زاہد موقع پر زندگی کی بازی ہارگیا نامعلوم ٹرالر ڈرائیور فرار ہوگیا ۔