اسلام آباد، کابل، واشنگٹن ( سپیشل رپورٹر، نیوز ایجنسیاں، نیٹ نیوز) افغانستان کے شہر قندھار میں امام بارگاہ کی مسجد میں نماز جمعہ کے دوران 3 دھماکے ہوگئے ، 62 افرادجاں بحق اور 90 زخمی ہوگئے ۔ طالبان حکومت کی وزارت داخلہ کے ترجمان قاری سعید خوستے کا کہنا ہے کہ تفصیلات اکٹھی کی جا رہی ہیں۔ یہ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ خودکش دھماکہ تھا۔ داعش نے ذمہ داری بول کرلی۔ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں لاشیں پڑی ہوئی دکھائی دے رہیں۔ ایک عینی شاہد نے اے ایف پی کو بتایا کہ انہوں نے تین دھماکے سنے جن میں سے پہلا امام بارگاہ کے مرکزی دروازے ، دوسرا جنوبی دروازے جبکہ تیسرا وضو خانے میں ہوا۔ یہ امام بارگاہ علاقہ میں مسجد اہل تشیع کی سب سے بڑی مسجد ہے جہاں بیک وقت 4 ہزار نمازیوں کی گنجائش موجود ہے ۔طالبان کے افغانستان کا کنٹرول سنبھالنے کے بعد سے مسجد پر ہونے والا یہ تیسرا دھماکہ ہے ۔ آٹھ اکتوبر کو قندوز میں شیعہ مسلک کی مسجد میں نماز جمعہ کے اجتماع کے دوران ہونے والے ایک خود کش حملے میں کم از کم 50 افراد جاں بحق اور 100 سے زیادہ زخمی ہوئے تھے ۔ حملے کی ذمہ داری شدت پسند تنظیم نام نہاد دولتِ اسلامیہ نے قبول کی تھی۔ 3 اکتوبر کو کابل میں مسجد کے باہر دھماکے کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق اور کئی زخمی ہوگئے تھے ۔ ترجمان طالبان ذبیح اﷲ مجاہد نے امریکی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ چین افغانستان میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری پر تیار ہے ، افغا نستان کے اثاثوں کو منجمد کرنا افغان عوام کے ساتھ زیادتی ہے ، امریکہ سمیت دوسرے ملکوں اور بین الاقوامی بینکوں کے ساتھ بات چیت کر رہے ہیں، یہ افغان عوام کی امانت ہیں جن کو جاری کیا جانا چاہئے ۔طالبان شریعہ کے احکامات کے تحت خواتین کے حقوق کی حرمت کا خیال رکھیں گے ، ہم یہ نہیں کہتے کہ بچیاں سکول نہ جائیں، ایک پالیسی وضع کر رہے ہیں، بہت جلد یہ مسئلہ حل ہو جائے گا۔افغانستان میں داعش زیادہ تعداد میں موجود نہیں ، داعش کے کارکن افغان ہیں، ان میں کوئی غیر ملکی نہیں ۔ تہیہ کر چکے ہیں کہ افغانستان سے داعش کا صفایا کر دیں گے ۔ ترجمان دفترخارجہ عاصم افتخار نے کہا کہ افغانستان میں پی آئی اے کو دھمکیوں کا معاملہ پاکستان کے سفیر افغان حکام کے ساتھ اٹھائیں گے ۔ افغانستان میں وسیع البنیاد حکومت اور امن کا قیام سب کی اولین ترجیح ہونی چاہیے ۔ بھارتی وزارت داخلہ کے ترجمان ارندم باگچی نے ماسکو مذاکرات میں بھارت کی شرکت کی تصدیق کردی۔ افغانستان کے اعلٰی حکام نے پاکستان کی قومی ائیر لائن پی آئی اے سے رابطہ کرکے فلائٹ آپریشن بحال کرنے کی اپیل کردی اور پی آئی اے انتظامیہ کے تحفظات دور کرنے کا وعدہ کیا ۔ اعلیٰ قطری حکام نے تصدیق کر دی کہ افغانستان کے سو سے زائد فٹ بال کھلاڑی کابل سے ایک پرواز پر قطر پہنچ گئے ہیں۔ آٹھواں خصوصی جہاز دوحہ پہنچا جس مجموعی 357 افراد تھے ۔ خواتین فٹ بال ٹیم کے بیس ارکان بھی پرواز پر تھے ۔ افغانستان کے لیے روس کے نمائندہ خصوصی ضمیر کابلوف نے کہا افغان صورتحال پر ماسکو میں مذاکرات منگل کو ہونگے پاکستان، امریکہ ، چین طالبان شرکت کرینگے ۔ پاکستان نے مزید 16ٹرکوں پر مشتمل امدادی اشیا افغانستان بھیج دیں۔ ذبیح اللہ مجاہد نے ٹوئٹر پر کہا کہ وزرا کی کونسل نے فیصلہ کیا ہے کہ سرعام کوئی سزا اس وقت تک نہیں دی جائے گی جب تک عدالت سرعام سزا کا حکم نہ دے ۔