لاہور(اپنے رپورٹر سے )صوبائی وزیر ہاؤسنگ میاں محمود الرشید کی زیر صدارت تعمیراتی قواعد میں ترامیم کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وائس چیئرمین ایل ڈی آے ایس ایم عمران، ڈی جی ایل ڈی اے عثمان معظم ،معروف ماہر تعمیرات نیر علی دادا، معروف بزنس مین گوہر اعجاز، چیف ٹاؤن پلانر اور چیف میٹرو پولیٹن پلانر ایل ڈی اے ، بلڈرز اور ڈویلپرز کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر میاں محمو دالرشید کا کہنا تھا کہ قوائد میں حقیقت پسندانہ ترامیم سے تعمیراتی صنعت کو فروغ ملے گا۔ تعمیراتی قواعد میں ترامیم کے حوالے سے تمام سٹیک ہولڈرز کو ساتھ لے کر چل رہے ہیں۔ باہمی مشاورت سے ترامیم کی سفارشات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے ۔ اجلاس کے دوران ہاؤسنگ سکیموں کے قوانین میں مجوزہ ترامیم پر بھی تفصیلی غورو خوض کیا گیا۔