لاہور (کرائم رپورٹر) پولیس نے قانون کی خلاف ورزی پر سینکڑوں افراد کے خلاف مقدمات درج کرادیئے ۔ انویسٹی گیشن پولیس کے اینٹی وہیکل لفٹنگ سٹاف نے موٹر سائیکل چور گینگ کے 4 ملزموں ساجد محمود، ارسلان، فاروق الحسن عرف سنی اور بابل کو گرفتار کر کے ایک کروڑ روپے سے زائد مالیت کی10کاریں، 8موٹر سائیکلیں، 5رکشے اور ماسٹر کی برآمد کر لی ہیں۔ ملزم گاڑیوں کو ٹمپرڈ کر کے جعلی رجسٹریشن بکس تیار کروا کر ضلع صوابی کے پی کے لے جاکر فروخت کر دیتے تھے ۔ علاوہ ازیں سول لائنز ڈویژن پولیس نے گذشتہ ہفتے 157 اشتہاری گرفتار کرلئے ۔ ڈکیتی و چوری کے 7 ملزموں کے قبضہ سے 5 لاکھ کا مسروقہ مال برآمد کیا گیا۔ 9 پسٹلز اور گولیاں برآمدکی گئیں۔ 8 افراد سے 350 گرام چرس، 150 گرام ہیروئن، 2کلو گرام بھنگ اور24 لیٹر شراب برآمد کی گئی۔ پتنگ بازی، ون ویلنگ، ہوائی فائرنگ، پرائس کنٹرول، لاؤڈ سپیکر اور کرایہ داری ایکٹ کی خلاف ورزی پر98ملزمان کوبھی گرفتار کیاگیا۔ جبکہ پنجاب ہائی وے پٹرول نے گذشتہ ہفتے غیر ذمہ دارانہ ڈرائیونگ کرنے پر367 افراد، جعلی نمبر پلیٹ پر 73 افراد، ساؤنڈ ایکٹ پر 14 افراد، غیرقانونی گیس سلنڈر نصب کرنے پر 66 کے خلاف کارروائی کی۔ علاوہ ازیں پنجاب ہائی وے پٹرول نے 2321 افراد کو مدد فراہم کی جبکہ3 گمشدہ بچوں اے مان فاطمہ، زے ن علی اور علی رضا کوانکے والدین سے ملوایا۔اور 225 عارضی تجاوزات ختم کرائیں۔