لاہور(وقائع نگار) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے کہا ہے کہ ملک دشمن عناصر کی بزدلانہ کارروائیاں پرعزم قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتیں۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شہدا کی عظیم قرنیاں رائیگاں نہیں جانے دیں گے ۔انہوں نے کہا کہ قوم دہشتگردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کے لئے پرعزم اور یکسو ہے ۔کوئٹہ دھماکے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اورافسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا ،وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا بھی کی ہے ۔انسداد پولیو مہم کے سلسلہ میں وزیراعلیٰ نے ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ ڈپٹی کمشنرز خود فیلڈ میں نکل کرانسداد پولیو مہم کی نگرانی کریں ،والدین انسداد پولیو ٹیموں سے تعاون کریں اوراپنے بچوں کو قطرے پلائیں۔پنجاب کو پولیو فری صوبہ بنائیں گے ۔ پولیو کے خلاف جنگ قوم کے نو نہالوں کے مستقبل کی جنگ ہے جس میں جیت ہی واحد آپشن ہے ۔اپنے بچوں کو پولیو کے موذی مرض سے ہر صورت بچائیں گے ۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب نے کیماڑی میں گیس پھیلنے سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ۔انہوں نے گجرات کے علاقے ڈنگہ میں نوجوانو ں پر تشدد کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او گجرات سے رپورٹ طلب کر لی ۔بعدازاں وزیراعلیٰ نے کبڈی ورلڈکپ 2020 جیتنے پر پاکستانی ٹیم کو مبارکباد دی اور کہا کہ کبڈی کے عالمی ٹورنامنٹ کا پرامن انعقاد پرامن پاکستان کی ایک اور فتح ہے ، کامیاب انعقاد سے نئی تاریخ رقم اور پاکستان کا سافٹ امیج اجاگر ہوا ۔