اسلام آباد؍ لاہور(نمائندہ خصوصی سے ؍سپیشل رپورٹر؍ وقائع نگار؍اپنے رپورٹر سے ؍نامہ نگار؍اپنے سٹاف رپورٹر سے ؍سٹاف رپورٹر)لاہور سمیت ملک بھر میں 79واں یوم پاکستان انتہائی جوش و خروش اور مملکت خداداد کی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کے لئے کسی بھی قسم کی قربانی دینے سے دریغ نہ کرنے کے عہدکے ساتھ منایا گیا۔ دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں31جبکہ چاروں صوبائی حکومتوں میں 21اکیس توپوں کی سلامی سے ہوا۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مسلح افواج کی شاندار پریڈ کے دور ان دفاعی سازو سامان کی نمائش کی گئی۔صدر مملکت عارف علوی اور ملائیشیا کے وزیر اعظم مہاتیر محمد تقریب کے مہمان خصوصی تھے جبکہ بحرین کی نیشنل گارڈ کے سربراہ اور آذربائیجان کے وزیر دفاع بھی تقریب میں شریک تھے ، وزیراعظم عمران خان ،چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات،تینوں مسلح افواج کے سربراہان، وزراء ، ارکان پارلیمنٹ،غیر ملکی مندوبین،سفرائ،ہائی کمشنرز،ملکی و غیر ملکی میڈیا سمیت عوام کی بڑی تعداد بھی اس موقع پر موجود تھی۔ پریڈ کے مہمان خصوصی صدر مملکت عارف علوی کی آمدکا اعلان بگل بجا کر کیا گیا جو بگھی میں سوار ہوکر صدارتی حفاظتی دستے کے ہمراہ تقریب میں پہنچے ،سلامی کے چبوترے پر وزیر اعظم عمران خان ،ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد،آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ان کا استقبال کیا جس کے بعد قومی ترانہ بجایا گیااور تلاوتِ کلام پاک کی گئی ۔ صدر مملکت عارف علوی نے پریڈ کمانڈر بریگیڈیئرنسیم انورکے ہمراہ پریڈ میں شامل پنجاب رجمنٹ ،فرنٹیئر رجمنٹ،نادرن لائٹ انفینٹری ،پاک بحریہ ،پاک فضائیہ ،مجاہد فورس ،پاکستان رینجرز،فرنٹیئر کور خیبر پختونخوا ،پاکستان پولیس،ٹرائر ی سروسز لیڈیز ، آرمڈ فورسز لیڈز آفیسرز ، بوائز سکائوٹس ، گرلز گائیڈ اور ٹرائی سروسز سپیشل گروپ کے دستوں کا معائنہ کیا جس کے بعد پاک فضائیہ اور پاک بحریہ کے طیاروں کا شاندار فلائی پاسٹ ہوا جس میں جے ایف 17 تھنڈر اور ایف 16 ، میراج، پی تھری سی اورین، ایف سیون، پی جی سیون، قراقرم ایگل، سیپ 2000، کے ای تھری اواکس سمیت مختلف جنگی لڑاکا طیاروں نے حصہ لیا۔ فضائی مارچ پاسٹ کی قیادت پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل مجاہد انور نے کی۔ مسلح افواج کے زیر اہتمام پریڈ میں ترک فضائیہ اور چین کی فضائیہ کے طیاروں نے ائیر شو میں لیا اور فضا میں پاکستان دوستی کے رنگ بکھیر دیئے ۔ا س موقع پر پاک فوج کے سپیشل سروسز گروپ کے دستے نے مخصوص انداز میں صدر مملکت کو سلامی دی۔ آرمڈکور کا دستہ الخالد ٹینک، ٹی اے ٹی یو ڈی ٹینک، الضرار ٹینکوں پر مشتمل تھا۔ آرٹلری کے بکتر بند، اے پی سیز، آرمی ایئر ڈیفنس، میزائل اور ٹریکنگ ریڈار سسٹم سے لیس ایف ایم 90 ، کور آف انجینئرنگ، کور آف سگنلز کے دستوں نے بھی صدر مملکت کو سلامی دی۔ اس موقع پر پاکستان کے جدید ترین نصر میزائل سسٹم، بابر کروز میزائل سسٹم، شاہین I، شاہین II،شاہین IIIمیزائل سسٹم، بغیر پائلٹ طیارے شہپر، براق سمیت دفاعی سازو سامان کا مظاہرہ کیا گیا۔ آرمی ایوی ایشن اور بحریہ ایوی ایشن کے 15کوبرا، ایم آئی 17، پیونک ہیلی کاپٹروں پر مشتمل دستوں نے 300 فٹ کی بلندی پر پرواز کی اور شاندار فضائی مارچ پاسٹ کا مظاہرہ کیا۔ پریڈ میں پاکستان آرمی کے سپیشل سروسز گروپ، پاک بحریہ اور پاک فضائیہ کے کمانڈوز نے 10ہزار فٹ کی بلندی سے فری فال کا بھی شاندار مظاہرہ کیا۔پریڈ میں چین، سعودی عرب، ترکی، آذربائیجان، بحرین اور سری لنکا کے فوجی دستوں نے بھی حصہ لیا۔ تقریب میں موجود مہمان وزیراعظم مہاتیر محمد کو پاکستان کا قومی پرچم پیش کیا گیا،انہوں نے سبز ہلالی پرچم کو بصدِ احترام بوسہ دیا۔پریڈ کے آخر پر آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت چاروں صوبوں اور وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے خصوصی فلوٹس نے صدر کو سلامی پیش کی۔ بعد ازاں گلوکار ساحر علی بگا نے آئی ایس پی آر کی جانب سے یومِ پاکستان کیلئے بنایا گیا خصوصی نغمہ گاکر شرکا کا لہو گرمایا۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور جڑواں شہر راولپنڈی کے شہریوں نے گھروں کی چھتوں پر کھڑے ہوکر لڑاکا طیاروں کے فضائی مظاہرے دیکھے ۔صدر مملکت عارف علوی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا خطے کو امن کی ضرورت ہے ، جنگ کے بجائے تعلیم، صحت اور روزگار کی فراہمی پر توجہ دینی چاہئے ، پاکستان ایک حقیقت ہے اور بھارت کو یہ تسلیم کرنا ہوگا،ہمیں 1947 کے نظریات اور تصورات کی عینک سے دیکھنا بھارتی قیادت کی تنگ نظری ہوگی،ہم واضح کردینا چاہتے ہیں کہ امن کی خواہش کو ہرگز ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے ، آج ہم ابھرتی ہوئی معاشی قوت کے ساتھ دفاعی لحاظ سے مضبوط اور پر امن ایٹمی طاقت ہیں، ہم دنیا کے تمام ممالک کی خودمختاری اور سلامتی کا احترام کرتے ہیں۔انہوں نے کہا ہم جمہوری ملک ہونے کے ناطے لڑائی پر یقین نہیں رکھتے ، ہر مسئلے کو مذاکرات اور بات چیت کے ذریعے حل کرنا چاہتے ہیں، اس ضمن میں بھارت کا رویہ نامناسب اور غیر ذمہ دارانہ رہا ہے جس کی بدولت خطہ مسلسل خطرات سے دوچار ہے ، پلوامہ حملے کے بعد کی صورتحال اس کی تازہ مثال ہے جس میں بلا ثبوت پاکستان پر الزام لگادیا گیا، دھمکی آمیز پیغامات سے جنگ کی فضا پیدا کی گئی اوربین الاقوامی قوانین کو توڑتے ہوئے پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی گئی،ہم نے بہترین حکمت عملی سے موثر اور فوری جواب دیا۔انہوں نے کہا ہم دنیا کی واحد قوم ہیں جس نے اتنی لمبی لڑائی لڑی، جانی و مالی قربانی دی مگر بے پناہ حوصلے سے دہشت گردی کا مقابلہ کیا اور دہشت گردوں کو کامیاب نہیں ہونے دیا۔اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے اور موبائل فون سروس بھی 12 بجے تک بند رہی ۔صوبائی دارالحکومت لاہور میں شاعر مشرق علامہ محمد اقبال ؒکے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب ہوئی۔پاک فضائیہ کے چاک و چوبند ستے نے پاکستان رینجرز سے مزار کے اعزازی گارڈزکا چارج سنبھال لیا۔لاہور میں محفوظ شہید گریثرن میں پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا ۔کراچی میں گورنر سندھ عمران اسماعیل اور وزیراعلیٰ سندھ نے مزار قائد پر حاضری دی۔لاہور میں سٹاف ڈیوٹی اونرز ایسوسی ایشن پنجاب کی جانب سے مغلپورہ سے مینار پاکستان لاری اڈہ تک ریلی نکالی گئی ،جس میں تمام ٹرانسپورٹر یونین نے بھر پور شرکت کی ۔والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی اور ٹارک موٹر سپورٹس کلب کے زیر اہتمام ہیوی بائیکس ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ریلی ڈی ایچ اے فیز 6سے شروع ہوکر شاہی قلعہ پر اختتام پذیر ہوئی۔ریلی میں معروف ادکار معمر رانا نے بھی شرکت کی۔عوامی رکشہ یونین اور عوامی پاسبان کے کارکنوں نے نیو کیمپس پل سے جوہر ٹاؤن تک ریلی نکالی۔یوتھ فورم فار کشمیر کے زیر اہتمام لاہور پریس کلب سے مینارپاکستان تک ’’یوم پاکستان-کشمیر بنے گا پاکستان‘‘ موٹر سائیکل ریلی نکالی گئی ،جس کی قیادت چیف آرگنائزر طارق احسان غوری نے کی جبکہ ریلی میں یوتھ فورم فار کشمیر کے عہدیداران و کارکنان نے شرکت کی۔اس موقع پر شرکاء ریلی سے خطاب کرتے ہوئے طارق غوری نے کہا قائد اعظم نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا تھا ،جو 70سال سے ہمارے ازلی دشمن بھارت کے غاصبانہ قبضہ میں ہے ، ہم یوم پاکستان کے موقع پر عہد کرتے ہیں کہ کشمیر ی عوام کے حق خود ارادیت کوعالمی سطح پر اجاگر کرنے میں بھرپور کردار ادا کرینگے ۔دریں اثناء امریکہ، فرانس، متحدہ عرب امارات، سری لنکا میں پاکستانی سفارتخانوں میں بھی پرچم کشائی کی تقاریب کا انعقاد کیا گیا، ترکی میں ایشیا اور یورپ کو جوڑنے والے مشہور زمانہ پل کو ہرے قمقموں سے روشن کردیا گیا۔سبز ہلالی پرچم کا رنگ دبئی میں بلند ترین عمارت ’’برج الخلیفہ‘‘ پر بھی چڑھ گیا اور عمارت رنگ و نور سے نہا گئی۔