لاہور، اسلام آباد(سٹاف رپورٹر،نیوز ایجنسیاں) مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے شاہد خاقان عباسی کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاہے قوم مرتی ہے تو مرجائے عمران نیازی کو اپنی انتقام کی پیاس بجھانی ہے ، نیب نیازی کرونا سے لڑنے کے بجائے اپوزیشن اور میڈیا سے لڑنے میں مصروف ہے ۔ ایک بیان اور اپنی رہائشگاہ ماڈل ٹاؤن سے پنجاب کے سابق مئیرز اور ڈسٹرکٹ چئیرمینوں سے ویڈیو لنک خطاب کرتے ہوئے میں انہوں نے کہاساری دنیا متحدہوکر اپنی قوم کو بچانے میں مصروف ہے جبکہ پاکستان میں حکومت کی ترجیح اپوزیشن اور میڈیا کو جیل بھیجنا ہے ،اگر شاہد خاقان عباسی کو کچھ ہوا تو عمران نیازی ذمہ دارہوگا ،اپوزیشن عوام کی خاطر حکومت کی مدد کرنا چاہتی ہے لیکن حکومت انتشار پیدا کررہی ہے ،عمران نیازی اپنی مایوسیوں کی سزا قوم کو نہ دے ، پہلے بھی نیب کے پاس کچھ نہیں نکلا، یہ سیاسی تماشوں کا وقت نہیں۔ شہباز شریف نے کہا ہم نہیں چاہتے کہ حکومت کی حماقتوں کی سزا پاکستان کی باغیرت اور باعزت قوم کو ملے ،اسی لئے مسلم لیگ (ن) نے اپنی قومی، ملی، جمہوری و آئینی ذمہ داری سمجھتے ہوئے اقدامات کا آغاز کیا، آج اتحاد، احتیاط اور خدمت سے ہی کرونا سے بچا جا سکتا ہے ، کوئی فرد تنہا کچھ نہیں کرسکتا،حکومت ملک و قوم کے اس مشکل ترین وقت میں ہماری دی ہوئی سفارشات پر عمل کرے ۔ ہم نے نبی کریم صلی اﷲ علیہ والہ وسلم کے امتی ہونے کے جذبے سے اپنے اردگرد نادار، بے روزگار، دیہاڑی دار، کمزور، بیواؤں، یتیموں اور مستحقین و سفید پوش بھائیوں، بہنوں، بچوں اور ضعیفوں کی مدد کرنی ہے ۔ آپ عوام اور ملک کی خاطر اپنا کردار ادا کرنا شروع کریں ۔ ایک بیان میں مریم اورنگزیب نے کہاعمران صاحب سرحدوں پر کرونا کی ٹیسٹنگ، سکریننگ کا بندوبست کر نہیں سکے اور سیاست پر زور ہے ،یہ قوم کی جان بچانے کا وقت ہے سیاست کا نہیں۔