اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر)وزیراعظم کی معاون خصوصی اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ برآمدات اور ترسیلات زر میں اضافہ اور درآمدات میں نمایاں کمی درست حکومتی پالیسیوں کا ثبوت ہے ، قوم کو معاشی محاذ پر خوش خبریاں ملنا شروع ہوگئی ہیں، کرنٹ اکائونٹ خسارہ جو مالی سال 2018ء میں2.1 ارب ڈالر تھا، اب کم ہو کر 579 ملین ڈالر پر آگیا ہے ،انشاء اللہ اس کے فوائد جلد عوام تک پہنچیں گے ۔جمعرات کو اپنے ایک ٹویٹ میں وزیر اعظم کی معاون خصوصی نے کہا کہ آنے والے ماہ و سال ملک کو قوم کے لئے مزید خوشخبریاں لائیں گے ، پاکستان وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں قومی ترقی اور خوشحالی کی منزل حاصل کرکے رہے گا۔انہوں نے کہا کہ یہ چار سال میں کم ترین خسارہ ہے ۔مالی سال 2020ء میں کرنٹ اکائونٹ خسارے میں مزید 40 فیصد کی کمی متوقع ہے جس سے افراط زر میں کمی اور ملکی معیشت توانا ہوگی۔علاوہ ازیں دہشت گردی، انتہائپسندی کے خلاف قومی بیانیہ تشکیل دینے کیلئے میڈیا ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ جمہوری معاشروں میں میڈیا پر قدغن نہیں لگائی جاتی، پاکستانی میڈیا میں نوجوان صحافی فعال کردار ادا کر رہے ہیں، موجودہ حکومت میڈیا کی آزادی پر کامل یقین رکھتی ہے ، آنے والا وقت ڈیجیٹل اور سوشل میڈیا کا ہے ، سوشل میڈیا نے دنیا کو گلوبل ویلیج میں تبدیل کر دیا ہے ۔