لاہور،کراچی( سٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ وزیراعظم نے ایک کروڑ نوکریوں کا وعدہ کر کے لاکھوں افراد بے روزگار کردئیے ،ڈبل شاہ مال دوگنا کرتاتھا ، وزیراعظم نے مسائل چار گنا کر دئیے ، حکومت اداروں کی نجکاری کے ذریعے کس مافیا کو نوازنا چاہتی ہے ؟۔ سبز پاسپورٹ کو عزت دلوانے کا دعویٰ کرنے والے اس بات کا جواب دیں کہ اقوام متحدہ نے اپنے سٹاف کو پاکستان کی ایئر لائن پر سفر کرنے سے کیوں روکا ؟ ، وزیر اعظم کو اپنے دعوے یاد ہیں تو پاکستان سٹیل کے احتجاجی ملازمین و اہل خانہ کے دھرنے میں خود آکر ان سے مذاکرات کریں ، قومی اداروں کی نجکاری اور ٹھیکیداری نظام رائج کرنے سے قومی معیشت اور مزدوروں کے مسائل حل نہیں ہوں گے ، قومی اداروں کو تباہ و برباد کرنے والوں ، بدعنوانی ، بدانتظامی ، اقر باپروری اور نا اہلی و غبن کا ارتکاب کرنے والوں کو پکڑا جائے اور ان کی جائیدادیں فروخت کرکے قومی خزانے میں رقم جمع کرائی جائے ، غریبوں اور مزدوروں کو بے روزگار کرکے خسارہ پورا نہیں کیا جاسکتا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز سٹیل ٹاؤن میں چیئر مین ہاؤس کے سامنے 14دن سے دھرنا دیئے ہوئے ملازمین اور ان کے اہل خانہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ اصل جنگ پی ٹی آئی ، پیپلز پارٹی ، نواز لیگ کے درمیان نہیں بلکہ ظالم اور مظلوم کے درمیان ہے ، جماعت اسلامی مظلوموں کے ساتھ ہے ، عوام اور مزدوروں کو ظلم اور جبر کے اس نظام کے خلاف اٹھنا ہوگا، گونر سندھ کہتے ہیں کہ نکالے جانے والے مزدوروں کو 25لاکھ روپے دیئے جائیں گے ، لیکن اب تک کسی کو یہ رقم نہیں دی گئی ایک ملازم کی رسید خود میں نے دیکھی ہے جسے 5لاکھ روپے دیئے گئے ہیں ہم گورنر سندھ سے کہتے ہیں کہ وہ 50لاکھ لے لیں اور عوام کی جان چھوڑ دیں۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ اسلام آباد میں بیٹھے حکمران نا اہل اور نالائق ہی نہیں بے حس بھی ہیں ۔