اسلام آباد (خبر نگار خصوصی)قومی اسمبلی اجلاس میں انسانی اعضا کی پیوند کاری ایکٹ میں ترمیم کے معاملہ پر قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی صحت نے اپنی رپورٹ ایوان میں پیش کردی۔رپورٹ چیئرمین کمیٹی خالد مگسی نے پیش کی۔ قومی اسمبلی اجلاس کے دوران ڈپٹی سپیکر قاسم سوری نے کہاسینیٹ انتخابات کیلئے ایم این اے کارڈ لازمی ہوگا،ڈپٹی سپیکر نے کہاجن ارکان کے پاس ایم این اے کارڈ نہیں ہوگا انہیں ووٹ کاسٹ نہیں کرنے دیا جائے گا،وہ ارکان جن کے پاس کارڈ نہیں وہ سیکرٹریٹ سے رابطہ کرکے آج ہی کارڈ بنوالیں۔ بعد ازاں قومی اسمبلی نے انسداد بدعنوانی ایکٹ1947 میں ترمیم کا بل منظور کرلیا،بل تحریک انصاف کے رکن شیر اکبر خان نے پیش کیا۔ دریں اثنا قومی اسمبلی میں عبادت بین الاقوامی یونیورسٹی اسلام آباد کے قیام بل 2021پر قائمہ کمیٹی کی رپورٹ پیش کی گئی۔ قائمہ کمیٹی کی رپورٹ امجد علی خان نے پیش کی ۔قومی اسمبلی نے عبادت بین الاقوامی یونیورسٹی بل 2021 بھی منظور کرلیا۔ انتخابات ایکٹ دوہزار سترہ میں مزید ترمیم کے معاملہ پرقومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے پارلیمانی امور نے اپنی رپورٹ ایوان میں پیش کردی ۔رپورٹ چیئرمین کمیٹی مجاہد علی نے ایوان میں پیش کی۔ مہاجرین کی سمگلنگ کے تدارک کے ایکٹ 2018 میں مزید ترمیم کے معاملہ پرقومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ نے اپنی رپورٹ ایوان میں پیش کردی۔رپورٹ رکن کمیٹی نفیسہ عنایت اللہ نے ایوان میں پیش کی۔ اجلاس سینٹ انتخابات کے باعث جمعرات تک ملتوی کر دیا گیا۔