اسلام آباد(نامہ نگار، آئی این پی ) قومی اسمبلی کا ہنگامہ خیز اجلاس آج سے شروع ہو گا ،اپوزیشن کی جانب سے قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی گرفتار ی کیخلاف شدید احتجاج کیا جائیگا، اجلاس سے قبل مسلم لیگ (ن)کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس بھی ہوگا جس میں احتجاج کی حکمت عملی طے کی جائے گی۔سپیکر کی جانب سے پروڈکشن آرڈر جاری ہونے کے بعدنیب شہباز شریف کو خصوصی طیارے کے ذریعے اجلاس میں شرکت کیلئے لاہور سے اسلام آباد لائیگی۔ ادھر حکومت نے بھی اپوزیشن کے احتجاج کا موثر جواب دینے کی تیاری کر لی،وزیر اعظم کی جانب سے وزرا اور پی ٹی آئی ارکان کو نرم رویہ اختیار کرنیکی ہدایت کی ہے ۔ نامہ نگار کے مطابق نیب کی جانب سے شہباز شریف کو آج صبح 7 بجے طیارے پر اسلام آباد منتقل کیا جائے گا جبکہ صبح 9 بج کر 30 منٹ پر قومی اسمبلی لایا جائے گا ۔اجلاس کے دوران کسی کو بھی شہباز شریف سے بغیر اجازت ملاقات نہیں کرنے دی جائے گی،اجلاس کے ختم ہوتے ہی شہباز شریف کو دوبارہ نیب اپنی تحویل میں لے گی،اس ساری کاروائی کے دوران نیب ٹیم شہباز شریف کے ہمراہ رہے گی۔