اسلام آباد(سپیشل رپورٹر) قومی اسمبلی میں سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے حکومتی جماعت پاکستان تحریک انصاف کے رکن سردار ریاض نے راجن پور میں پاکستان ریلوے میں10ہزار اسامیوں پر بھریتوں کے دوران فراڈ اور ڈیڑھ لاکھ فی کس رقم کے عوض نوکریوں کو فروخت کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ ان کے پاس فہرست موجود ہے ، سپیکر نے کہا معاملہ پر انکوائری کریں۔ فرخ حبیب نے کہا کہ کوئی نوکری بیچی نہیں گئی، اگر کوئی آفیسر ملوث ہوا تو نوکری سے برخاست کر ینگے ۔سپیکر نے وزارت ریلوے ، مذہبی امور، میری ٹائم افیئرز، وزارت نیشنل ہیلتھ سروسز کے آفیسرز کی اجلاس میں غیر حاضری پر سختی سے نوٹس لیا اور کہا میں وارننگ دیتا ہوں کہ جو آفیسر غیرحاضر ہوئے ان کیخلاف رولنگ دوں گا اور ان کی اے سی آر کا حصہ بنائوں گا۔ سپیکر نے وزارت صحت کو ہدایت کی کنگ حماد نرسنگ یونیورسٹی کی تعمیر کے منصوبہ پر جلد عمل کیا جائے اور ایوان کو رپورٹ پیش کی جائے ۔قومی اسمبلی کووقفہ سوالات میں بتایا کیاگیا کہ سی پیک کے تحت 160کلومیٹر کی رفتار سے مسافر گاڑیاں چلائی جائینگی، سی پیک کے تحت بلٹ ٹرین کی کوئی تجویز نہیں۔مکانات کی تعمیر کیلئے ٹینڈرز کا عمل شروع ہے ، اس کے بعد قیمتوں کا تعین کیا جائیگا، کلاس فور کے وفاقی ملازمین کو گھر کی تعمیر کیلئے 50فیصد سبسڈی فراہم کرنے کی تجویز ہے ،50لاکھ گھر بننے جا رہے ہیں۔گزشتہ 5سال کے دوران وفاقی اور صوبائی ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹریوں کی جانب سے مختلف ادویات کے 229453نمونے ٹیسٹ کئے گئے اور کل 446 ادویات جعلی قرار پائی ہیں ،سندھ حکومت نے کتے کے کاٹنے کی ویکسین کی ادائیگی نہیں کی لیکن ان کو ویکسین فراہم کر دی ہے ۔سپیکر نے یوٹیلیٹی سٹوروں کو سامان فراہم کرنے والے ٹھیکیداروں کو واجبات کی عدم ادائیگی کی وجوہات کے حوالے سے سوال متعلقہ قائمہ کمیٹی کو ریفر کر دیا۔ اجلاس کے دوران پارلیمانی سیکرٹری وجیہہ اکرم نے تحریک پیش کی کہ اسلام آباد یونیورسٹی بل 2019ء زیر غور لایا جائے ۔ ایوان سے تحریک کی منظوری کے بعد سپیکر نے بل کی تمام شقوں کی منظوری حاصل کی۔ اجلاس میں کراچی سے تحریک انصاف کے رکن اکرم چیمہ،فہیم خان اورعطاء اللہ نے کراچی بندرگاہ کو پورٹ قاسم سے منسلک کرنے سے متعلق توجہ دلاؤ نوٹس پیش کیا اور تحفظات ظاہر کرتے ہوئے کہا علی زیدی تو ان کی سنتے نہیں، اپنا موبائل نمبر تک تبدیل کر لیا ۔اس پر وفاقی وزیر علی زیدی نے کہا کہ وہ پرانا نمبر ہی استعمال کر رہے ہیں اور طعنہ بھی دے ڈالا کہ یہ سب ارکان تو الیکشن سے پہلے ان کے پاس ٹکٹ لینے آتے تھے ۔وفاقی وزیر کے جواب پر حکومتی ارکان فہیم خان، عطاء اللہ اور اکرم چیمہ نے احتجاج کیا اور نشستوں پر کھڑے ہوگئے جبکہ اسپیکر اسمبلی انہیں احتجاج سے روکتے رہے ۔اراکین اسمبلی کا کہنا تھا کہ علی زیدی محمود مولوی کو پاکستان شپنگ کارپوریشن کا چیئرمین لگانا چاہتے ہیں اور ان کی وزیراعظم سے ملاقات بھی کرا ئی ہے ۔ اراکین نے وزیر بحری امور کا موقف ماننے سے انکار کر دیا اور احتجاج کیلئے سپیکر ڈائس پر جانے کی کوشش کی جو دیگر ارکان نے ناکام بنا دی۔سپیکر اسد قیصر نے پارلیمانی سیکرٹری فرخ حبیب کو ان کی شادی پر مبارکباد دی۔ اس موقع پر ارکان نے ڈیسک بجا کر ان کا خیر مقدم کیا۔ قومی اسمبلی کا اجلاس غیر معینہ مدت تک ملتوی کردیا گیا۔