لاہور(نامہ نگار)پی آئی اے فلائٹ سروسز اور پائلٹ ایسوسی ایشن کے درمیان ٹھن گئی۔پائلٹ ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری لیٹر میں انتظامیہ کو فوری مطالبات ماننے کا الٹی میٹم دیا گیا ہے ۔پائلٹ ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری کیپٹن علی منسوب نے فلائٹ سروسز کو لیٹر لکھ دیاہے ۔لیٹر میں ہوٹل قیام الاؤنس بڑھانے کا مطالبہ کیا گیا ہے ۔لیٹر میں او این سی آر الائونس دینے اور ریگولر پائلٹس کو ترقی دینے کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے ۔جبکہ پائلٹس کی ٹریننگ کے حوالے سے بھی اقدامات نہ کرنے پر انتظامیہ کو یاد دہانی کرائی گئی ہے ۔پائلٹ ایسویسی ایشن کے جنرل سیکرٹری کی جانب سے بھیجے گئے لیٹر میں کہا گیا ہے کہ پی آئی اے کے پائلٹس کے ساتھ ائربس اے 320 کے حوالے سے بھی کوئی معاہدہ نہیں کیا جا سکا۔جبکہ آئی پیڈز کے حوالے سے بھی معاملے کو حل نہ کرنے پر انتظامیہ کو یاد دہانی کروئی گئی ہے ۔پائلٹس ایسوسی ایشن نے پی آئی اے انتظامیہ کو مسائل کے حل کے لئے 30 دن کا وقت دیا گیا ہے ۔پائلٹس ایسوسی ایشن مطالبات پورے نہ ہونے پر طیارے اڑانے سے بھی انکار کر سکتی ہے ۔ لیٹر میں انتظامیہ کی ہٹ دھرمی اور جانبداری پر کڑی تنقید کی گئی ہے ۔