اسلام آباد، لاہور، کراچی ، پشاور، کوئٹہ ( وقائع نگار خصوصی، خبر نگار خصوصی، سٹاف رپورٹرز، نیوز ایجنسیاں، مانیٹرنگ ڈیسک) قومی اسمبلی کے آج ہونے والے اجلاس کے دوران خفیہ رائے شماری کے ذریعے سپیکر و ڈپٹی سپیکر کا انتخاب عمل میں لایا جائے گا۔ سپیکر کے لیے تحریک انصاف کے اسد قیصر اور ہم خیال جماعتوں کے امیدوار سید خورشید شاہ نے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں کاغذات نامزدگی جمع کرادیئے ہیں ۔ ڈپٹی سپیکرکے لئے پی ٹی آئی کے نامزد امیدوار قاسم سوری اوراپوزیشن کے امیدوار اسد محمود میدان میں ہیں۔منگل کو تحریک انصاف کے اراکین اسد قیصر، قاسم سوری، فرخ حبیب اور ریاض فتیانہ نے پارلیمنٹ لاجز میں جی ڈی اے کے اراکین قومی اسمبلی ڈاکٹر فہمیدہ مرزا اور غوث بخش مہر سے ملاقات کی اور ان سے سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے انتخاب میں تعاون کی درخواست کی۔ گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس نے سپیکر ،ڈپٹی سپیکر کیلئے تحریک انصاف کے امیدواروں کی باضابطہ حمایت کردی۔ علاہ وازیں نو منتخب پنجاب اسمبلی کاپہلااجلاس آج ہوگا، نو منتخب ارکان صوبائی اسمبلی اجلاس میں حلف اٹھائیں گے ،سپیکر رانا محمداقبال خاں ان سے حلف لیں گے ۔ سترہ اگست کو خفیہ رائے شماری سے سپیکر، ڈپٹی سپیکر کا انتخاب کیا جائے گا، انیس اگست کو وزیر اعلیٰ پنجاب کا چناؤ ہو گا۔پی ٹی آئی کی جانب سے سپیکر اسمبلی کے لئے چودھری پرویز الہٰی اور ڈپٹی سپیکر کیلئے دوست محمد مزاری کو نامزد کیا گیا ہے جبکہ وزیراعلیٰ کی نامزدگی تاحال نہیں کی گئی۔مسلم لیگ ن کی جانب سے وزارت اعلیٰ کے لئے حمزہ شہباز اور سپیکر کے لئے چودھری اقبال گجر کو امیدوار نامزد کیا گیا ۔ پیپلزپارٹی نے پنجاب اسمبلی میں حسن مرتضی کو پارلیمانی لیڈر مقررکر دیا ہے ۔ دریں اثنا سندھ اسمبلی کے 18 ویں سپیکراورڈپٹی سپیکرکا انتخاب آج اورقائد ایوان کا انتخاب کل کو ہوگا۔سپیکراورڈپٹی سپیکرکے لیے چار امیدواروں کے چار کاغذات نامزد گی جمع کرائے گئے ہیں۔ پیپلز پارٹی کی جانب سے سپیکرکے لیے آغاسراج درانی اورڈپٹی سپیکر کے لیے ریحانہ لغاری امیدوارہیں جب کہ متحدہ اپوزیشن کی جانب سے جاویدحنیف اور رابعہ اظفرامیدوارہیں۔ سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کا انتخاب خفیہ رائے شماری کے تحت ہوگا۔ تحریک انصاف کے رکن جمال صدیقی نے سیکرٹری سندھ اسمبلی کو درخواست جمع کرائی کہ سپیکر و دپٹی سپیکر کا انتخاب خفیہ طریقے کے بجائے شو آف ہینڈ کے ذریعے کیا جائے ۔ گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس سندھ نے بدین سے منتخب رکن سندھ اسمبلی حسنین مرزا کوسندھ اسمبلی میں پارلیمانی لیڈرمقررکردیا ہے ۔ مزید برآں خیبرپختونخوا اسمبلی کا اجلاس آج ہو گا جس میں سپیکر و ڈپٹی سپیکر کا انتخاب کیا جائے گا۔ تحریک انصاف کی جانب سے سپیکر کے لئے مشتاق غنی اور ڈپٹی سپیکر کے لئے محمود جان کو نامزد کر کے ان کے ناموں کو حتمی شکل دی گئی ہے ۔ قائد ایوان کے لئے کاغذات نامزدگی آج جمع کرائے جائیں گے جبکہ ووٹنگ کل ہوگی۔ بلوچستان اسمبلی کے سپیکر اور ڈپٹی سیکر کا انتخاب کل ہوگا، بی اے پی کی جانب سے سپیکر کے لئے قدوس بزنجو کاغذات جمع کرا سکتے ہیں جبکہ بی این پی مینگل اور ایم ایم اے کی جانب سے سپیکر کے متوقع امیدوار نواز کاکڑ اور ڈپٹی سپیکر کے احمد نواز کاغذات جمع کراسکتے ہیں۔