اسلام آباد (سپیشل رپورٹر ،وقائع نگار ،نیوز ایجنسیاں )قومی اسمبلی میں اپوزیشن اراکین نے حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہاہے بجٹ جھوٹ کا پلندہ اور فریب ہے جبکہ حکومتی ارکان نے کہا محنت کر حسد نہ کر ،عمران خان کی قیادت میں ملک جلد تعمیر وترقی کی تمام منازل طے کرے گا۔مسلم لیگ( ن) کی رکن قومی اسمبلی کی مریم اورنگزیب نے قومی اسمبلی اجلاس میں بجٹ پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے کہا عمران خان نے نظام کی اینٹ سے اینٹ بجا دی ، پارلیمان اور اپوزیشن کا گلا گھوٹا گیا جسے ہم بھولنے نہیں دیں گے ،یہ خون چوس اور ہڈی توڑ زکوٹا جن کا بنایا ہوابجٹ ہے ،الیکشن کمیشن کے اختیارات نادرا کو دئیے جا رہے ،ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے ۔ رانا تنویر حسین نے کہا بجٹ میں اعداد شمار کی ہیر پھیر کی گئی ،ہر حکومت قرض واپس کرتی ہے ، انہوں نے کونسے کارنامہ سرانجام دیا ہے ؟بجٹ جھوٹ کا پلندہ اور فریب ہے ،پرائم ٹائم گذر چکا، اب آپکا چل چلائو ہے ۔وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ امور ڈاکٹر فہمیدہ مرزانے کہا پارلیمنٹ مضبوط ہوگی تو پاکستان مضبوط ہوگا، اپوزیشن نے بجٹ بغیر سنے احتجاج کیا ۔کورونا سے نمٹنے پر دنیا پاکستان کی مثالیں دے رہی ہے لیکن اپوزیشن تنقید پر لگی ہے ۔وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہاسودی نظام اللہ سے جنگ ہے ، اسکے خاتمے کے بغیر ملک میں خیر و برکت نہیں آسکتی، مسجد اقصیٰ آزادہونے تک اسرائیل کو تسلیم نہیں کریں گے ۔ بچوں کے ساتھ بدفعلی کرنیوالوں کو سرعام پھانسی دی جائے ۔ موٹرویز کا کریڈٹ نوازشریف کو جاتا ہے ،بھٹو صاحب کو قادیانیت کیخلاف کام کرنیکا کریڈٹ جاتا ہے ،اگر بھٹو نے غریب کی زبان کو آواز دی تو عمران خان یوتھ کو سیاست میں لائے ۔سیمی بخاری نے کہاحکومت نے عوام پرور بجٹ پیش کیا ہے ، اپوزیشن لیڈر کو بتائوں گی آپکی وجہ سے لوگوں کی جیب خالی ہے ۔تاشفین صفدر نے کہااپوزیشن نے اپنی حکومت کے بحران ہم پر ڈالدئیے ہیں،ان کو پیغام ہے محنت کر حسد نہ کر ،عمران خان کی قیادت میں ملک جلد تعمیر وترقی کی تمام منازل طے کرے گا۔ رمیش کمار نے کہا پاکستانی معیشت کافارن پالیسی پر انحصار ہے ۔ ہمیں احتیاط سے چلنا ہوگا،فیٹف، آئی ایم ایف ہمارے لیے چیلنج ہیں ۔ حنا ربانی کھر نے کہا ان کے قول و فعل میں تضادہے ،اس حکومت نے عوام سے صرف جھوٹ بولا ۔ہم نے حکومت کو کہا ہمیں افغان صورتحال پر بریفنگ دیں، القاعدہ اور اسکے رہنما نے پاکستان کے جوانوں کو مارا، ہمارے جوان شہید ہیں یا اسامہ؟ احمد حسین ڈیہڑ نے کہا عمران خان ارطغرل ہے ،ساتھ نہیں چھوڑ سکتا۔ ریاض حسین پیرزادہ نے کہاآپ نے صوبوں کا فراڈ کیا ہے ۔ فہیم خان نے بجٹ اجلاس میں تین روزہ ہنگامہ آرائی اور کوئی کارروائی نہ ہونے پر ان دنوں کی اپنی تنخواہ سے کٹوتی کی پیشکش کر دی۔ چیئرپرسن منزہ حسن نے سندھ حکومت سے متعلق فہیم خان کے انتہائی متنازعہ ریمارکس حذف کرا دیئے ۔ عامر مگسی ، مائزہ حمید ،شاندانہ گلزار او ر دیگر نے بھی بحث میں حصہ لیا۔وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین آج قومی اسمبلی میں بجٹ پر بحث کو سمیٹیں گے ۔ عامر لیاقت نے کہا مجھے حیرت ہے بل بتوڑی کیسے زکوٹا جن کا ذکر کر سکتی ہے ۔ اس موقع پر پورے ایوان میں قہقہے گونج اٹھے ۔انہوں نے کہا بلاول نے گدھوں کا ذکر تو کیا لیکن سندھ میں بڑھنے والے کتوں کا ذکر نہیں کیا۔