کرائسٹ چرچ (سپورٹس ڈیسک)نیوزی لینڈ نے پاکستانی فیلڈرز کی جانب سے ناقص فیلڈنگ اور کیچز ڈراپ کئے جانے کے بعدکپتان کین ولیمسن اور ہنری نکولس کی عمدہ شراکت کی بدولت پاکستان کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں اپنی پوزیشن مستحکم کر لی ،شاہین شاہ آفریدی کی نوبال نے ہنیر نکلز کو ایک اور موقع فراہم کر دیا جس کا بعد میں بھاری خمیازہ بھی بھگتنا پڑا، نیوزی لینڈ کے کپتان ولیمسن سنچری بنانے میں کامیا ب رہے وہ 112 رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں جبکہ ہینری نیکولس نے بھی 89 رنز ناٹ آئوٹ بنائے ہیں ،دوسرے روز کھیل کے اختتام پر نیوزی لینڈ نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 286 رنز بنالئے ،نیوزی لینڈ کو پاکستان کی پہلی اننگز کا اسکور برابر کرنے کے لیے مزید 11رنز درکار ہیں اور اس کی 7 وکٹیں باقی ہیں۔ پاکستان کے شاہین شاہ آفریدی ، محمد عباس اور فہیم اشرف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ہے ۔ میچ کے دوسرے روز نیوزی لینڈ کے کپتان ولیمسن اور ہنری نکلز نے چوتھی وکٹ پر 215رنز کی ریکارڈ پارٹنر شپ قائم کی ۔ اس سے پہلے چوتھی وکٹ پر ہیگلے اوول میں نیوزی لینڈ کی طرف سے سب سے زیادہ پارٹنرشپ کا ریکارڈ ٹام لیتھم اور ہنری نکلز کے نام تھا جو انہوں نے 2018ء میں سری لنکا کے خلاف 214رنز بنا کر قائم کیا تھا ۔موسم خوشگوار ہونے کی وجہ سے تماشائیوں کی بڑی تعداد نے ہیگلے اوول سٹیڈیم کا رخ کیا اور پورا دن کرکٹ اور موسم سے لطف اندوز ہوتے رہے ۔ اس موقع پر پاکستانی شائقین بھی اپنی ٹیم کو سپورٹ کرتے ہوئے اچھی کار کر دگی پر کھلاڑیوں کو بھرپور دداد دیتے رہے ۔