لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورد نے قومی کرکٹ ٹیم سکواڈ کے دوسرے گروپ کی انگلینڈ روانگی کا اعلان کر دیا،محمد حفیظ سمیت کورونا منفی چھ کھلاڑی 3جولائی کو لاہور سے مانچسٹر پہنچیں گے ، ان چھ کھلاڑیون کے چوتھی بار کورونا ٹیسٹ بھی لئے گئے ۔تفصیلات کے مطابق چھ کھلاڑیوں پر مشتمل قومی سکواڈ کا دوسرا گروپ کل بروز جمعہ کو قومی ائیر لائن کے ذریعے مانچسٹر روانہ ہوگا۔ پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائنز پر سفر کرنے والے کھلاڑیوں میں فخر زمان، محمد حسنین، محمد حفیظ، محمد رضوان، شاداب خان اور وہاب ریاض شامل ہیں۔مانچسٹر پہنچنے کے بعد یہ چھ کھلاڑی بذریعہ بس وورسٹر روانہ ہوجائیں گے ۔ جہاں ای سی بی ٹیسٹنگ پروگرام کے زیراہتمام ان کاکوویڈ19 ٹیسٹ کیا جائے جس میں منفی رزلٹ آنے پر انہیں سکواڈ کے دیگر کھلاڑیوں کے ساتھ ٹریننگ کرنے کی اجازت مل جائے گی۔ یاد رہے کہ ان چھ کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ22 جون کو مثبت آ گئے تھے جس کے بعد 26 جون کو ان کے ری ٹیسٹ کئے گئے جو منفی آ گئے تھے تاہم دو دفعہ منفی رزلٹ کی شرط پوری نہ کرنے پر یہ کھلاڑی 28جون کو سکواڈ کے ساتھ انگلینڈنہ جا سکے تھے ۔ ان کھلاڑیوں کے تیسری مرتبہ ٹیسٹ 29جون کو کئے گئے جو منفی آ گئے تھے تاہم وہ فلائٹ کی عدم دستیابی پر روانہ نہیں ہو سکے اور ابھی تک مقامی ہوٹل کے بائیو سکیور فلور پر ہی مقیم ہیں۔ اب تین جون کو روانگی کے پیش نظر ان کے چوتھی بار ٹیست کرائے گئے ہین کیونکہ روانگی سے چارروز قبل کئے گئے ٹیسٹ ہی پرواز کیلئے قابل قبول ہوتے ہیں۔لہذا ان چھ کھلاڑیوں کے ٹیسٹ گزشتہ روزبھی لئے گئے ہین تاکہ منفی رزلٹ آنے پر انہیں انگلینڈ روانہ کیا جا سکے ۔