اسلام آباد،کراچی ،خیبر (سپیشل رپورٹر،92 نیوزرپورٹ،سٹاف رپورٹر،نمائندہ 92نیوز)وزیرِ اعظم عمران خان نے کہاہے کہ عوام الناس کی خون پسینے کی کمائی اور ملکی دولت لوٹنے والوں سے رقم واپس نکلوانا قوم کی آواز ہے اور حکومت اس مشن میں پرعزم ہے ، قومی دولت لوٹنے اور وائٹ کالر جرائم میں ملوث بااثر افراد کو جیلوں میں مراعات ملنے کی روش کی حوصلہ شکنی ہونی چاہیے ، ایک ہی نوعیت کے جرم میں ملوث امیر اور غریب افراد کے ساتھ امتیازی سلوک روا رکھا جانا عدل و انصاف کے اصولوں کی نفی ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیر اعظم آفس میں قانونی اصلاحات کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ وزیرِ قانون ڈاکٹر فروغ نسیم نے کمزورطبقوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے قانونی اصلاحات پربریفنگ دی۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ بدقسمتی سے ہمارے معاشرے میں بعض مقامات پر ابھی بھی خواتین کو ان کے قانونی حق سے محروم رکھا جاتا ہے ، موجود قوانین اس لئے موثر ثابت نہیں ہو سکے کیونکہ ان پر عمل درآمد کا طریق کار نہایت مشکل اور پیچیدہ تھا،حکومت اس عمل کو نہایت ہی آسان بنا رہی ہے ،انصاف کی فراہمی میں تاخیر بھی انصاف نہ ملنے کے مترادف ہے ۔ وزیراعظم عمران خان 19 ستمبر کو وفد کے ہمراہ سعودی عرب کے دورہ پر جائیں گے ،وزیراعظم کیساتھ وفد میں وزیرخارجہ، مشیر خزانہ وتجارت شامل ہوں گے ، وزیراعظم کا تیسرا دورہ سعودی عرب ہو گا جو 2 روز پر مشتمل ہو گا، جہاں سے براہ راست امریکہ روانہ ہو جائیں گے ،جہاں وہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرینگے ۔وزیراعظم نے آج کراچی کا دورہ ملتوی کر دیا ۔ذرائع کے مطابق کراچی سٹریٹجک کمیٹی کی سفارشات مرتب ہونے کے بعد وزیراعظم دورہ کریں گے ۔دریں اثناوزیراعظم کا دورہ طورخم موخر کردیا گیا ،وزیراعظم نے آج طورخم بارڈر چوبیس گھنٹے کھولا رکھنے کے حوالے سے افتتاحی تقریب میں شرکت کرنا تھی ، سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان اب 18 ستمبر کو طورخم بارڈر کو چوبیس گھنٹے کھلا رکھنے کاباقاعدہ افتتاح کرینگے ۔