کراچی (92 نیوزرپورٹ)پاکستان ہاکی ٹیم کے سابق کپتان اولمپئن حنیف خان نے 37 سالہ پرانہ پنڈورا باکس کھول دیا، ان کا کہنا ہے کہ 1983میں سمگلنگ کیلئے پاکستان ہاکی ٹیم کا سہارا لیا گیا۔سابق اولمپئین و کپتان حنیف خان نے میڈیا سے خصوصی گفتگو کے دوران انکشاف کیا ہے کہ میں 1983ء میں ٹیم کا کپتان تھا۔قومی ہاکی ٹیم ہانگ کانگ سے وطن واپس آرہی تھی تو سامان میں گاڑیوں کے پارٹس، چشموں کے فریم اور وی سی آر شامل تھے ۔اولمپئین حنیف خان نے بتایا ہے کہ ہانگ کانگ ایئر پورٹ پر ہی سمگلنگ کا سامان پاکستان ہاکی ٹیم کے سامان کے ساتھ روانہ کیا گیا تھا۔انہوں نے مزید کہا کہ ایئر پورٹ پر کسٹم حکام نے پاکستان ہاکی ٹیم کو سمگلنگ کے سامان سے آگاہ کیا تھا، اس وقت اس سامان کی لاگت ایک سے ڈیڑھ کروڑ روپے تھی۔اولمپئین حنیف خان کا کہنا تھا کہ تحقیقات کے دوران ٹیم کے کچھ آفیشلز ملوث نکلے تھے جبکہ پاکستان کا نام مزید بدنام ہونے سے بچانے کے لیے کیس دبا دیا گیا تھا۔ دوسری طرف سابق کپتان اوراولمپین صلاح الدین نے کہاہے کہ بلی تھیلے سے باہرآگئی،کچھ لوگ ہاکی فیڈریشن کوبدنام کرنے کی کوشش کررہے ہیں،ایسے لوگ دشمن عناصرکے ہاتھوں میں کھیل رہے ہیں،قومی ہاکی ٹیم کوکسٹم ہواتوایساکوئی سامان نہ نکلا،شام کوجومسافرسامان چھوڑکرچلے گئے تھے وہ ٹیم پرڈال دیاگیاتھا،پاکستان اور ہاکی کوبدنام کرنے کی سازش کی گئی۔