لاہور(سپورٹس رپورٹر) قومی کرکٹ ٹیم سکواڈ بابر اعظم کی قیادت میں نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ پہنچ گیا،قومی کرکٹ ٹیم اور پاکستان شاہینز کے کھلاڑیوں اور سپورٹ سٹاف پر مشتمل 54رکنی سکواڈ کو چارگروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے جوہلٹن ہوٹل کرائسٹ چرچ میں چودہ روزہ قرنطینہ کریں گے تاہم تین روز کے بعد کورونا ٹیسٹ منفی آنے پر انہیں ٹریننگ کرنے کی اجازت ہو گی۔ سکواڈ سوموار کوعلی الصبح تین بجے لاہور سے روانہ ہوا تھا اور براستہ دبئی آکلینڈ پہنچا جہاں سے ڈومیسٹک فلائیٹ پر مقامی وقت کے مطابق سہ پہر چھ بجے کرائسٹ چرچ پہنچ گیا۔ ٹیم میڈیامینجر کے مطابق سکواد کرائسٹ چرچ پہنچا تو نیوزی لینڈ حکومت کی 14 روزہ آئسولیشن پالیسی کے تحت سکواڈ کے گروپس کو قرنطینہ کرنا پڑے اور اس دوران سکواڈ کے ارکان کے تین کورونا ٹیسٹ کئے جائیں گے ۔ سکواڈ میں شامل تمام اراکین ابتدائی تین روز مکمل آئسولیشن میں رہیں گے اور انہیں ٹریننگ کرنے کی بھی اجازت نہیں ہو گی۔سکواڈ کا پہلا کورونا ٹیسٹ 25نومبر کو کیا جائے گا جس کے نتائج منفی آنے کی صور ت میں تمام گروپس کو اپنے اپنے مقررہ وقت اور مقام پر بائیو سکیور ماحول میں ٹریننگ کی اجازت ہوگی۔چودہ روزہ قرنطینہ کے بعد کھلاڑی اکٹھے ٹریننگ کریں گے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز سے قبل پریکٹس میچ بھی کھیلیں گے ۔ قومی ٹیم نیوزی لینڈ کے خلاف تین ٹی ٹوئنٹی اور دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا آغاز 18دسمبرسے ہو گا۔