مکرمی! جدوجہد آزادی پاکستان میں محترمہ فاطمہ جناح کی خدمات ناقابل فراموش ہیں،آپ نے تحریک پاکستان میں حصہ لینے کے لئے برصغیر کی مسلم خواتین کو بیدار کیا اور انہیں منظم کرکے ان سے ہراول دستے کاکام لیا۔ آپ ہی کی بدولت برصغیر کے گلی کوچوں میں مردوں کے ساتھ ساتھ خواتین بھی تحریک میں سرگرم ہوئیں۔ جوں جوں قیام پاکستان کی منزل قریب آرہی تھی قائداعظم پورے ملک کے دورے کررہے تھے، اس موقع پر آپ ان کے ساتھ ہوتی تھیں۔آپ نے دن رات قائداعظم کے آرام و سکون کا خیال رکھا،قائد اعظم جدوجہد آزادی میں اس قدر مصروف تھے کہ انہوں نے اپنی گرتی ہوئی صحت کی بھی پروانہ کی،اس وقت محترمہ فاطمہ جناح ان کا خیال رکھتیں،اور محمد علی جناح اپنے کام میں محنت و لگن سے مصروف عمل رہتے۔وہ سیاسی بصیرت میں اپنے بھائی قائداعظم کی حقیقی جانشین تھیں جو قوم کی ماں کا لقب ’’مادر ملت‘‘ حاصل کر کے سرخرو ہوئیں۔( رانا اعجاز حسین چوہان )