پشاور(92نیوز) وزیر دفاع پرویز خان خٹک نے کہا ہے کہ پاکستان ڈیموکرٹیک موومنٹ میں شامل جماعتیں ایک دوسرے سے بدظن ہیں اور ان کے اندرونی اختلافات کھل کر عوام کے سامنے آ چکے ہیں،بلاول بھٹو زرداری سمیت کچھ اپوزیشن رہنما تحریک عدم اعتماد لانے کے حامی ہیں جبکہ مولانافضل الرحمن مریم نواز سمیت دیگر پارٹی کے قائدین لانگ مارچ کرنے کی بات کرتے ہیں ان کے بیانیہ میں تضاد ہے بہت جلد پی ڈی ایم کی تحریک اپنی موت آپ مرجا ئے گی اور ان کا یہ مصنوعی الحاق خزاں کے پتوں کی طرح بکھر جا ئے گا ،مریم نواز،مولانا فضل الرحمن،بلاول بھٹو زرداری اقتدار کی کرسی سے محرومی کی وجہ سے حواس باختہ ہو چکے ہیں اور وہ کسی بھی غیر جمہوری طریقے سے اقتدار کی کرسی تک پہنچنے کی ناکام کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ سب حکومت کو دباؤ میں لانے کی ناکام سازشیں کررہے ہیں، وزیر اعظم عمران خان اپوزیشن کے ان ہتھکنڈوں سے کبھی مرعوب نہیں ہوں گے ، وزیر اعظم عمران خان قوم کے پیسہ لوٹنے والوں کو ہر گز معاف نہیں کریں گے ۔وہ نظام پور کے علاقے پیران کو بجلی کی فراہمی کے منصوبے اور کاہی گریڈ اسٹیشن کے افتتاح کے بعد شمولیتی جلسے سے خطاب کررہے تھے ۔اس موقع پیران میں حاجی قیوم اپنے پورے خاندان اور ساتھیوں سمیت پی پی پی سے مستعفی ہوکر تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا جبکہ میرہ اکوڑہ میں ڈاکٹر عزیز نے اپنے پورے خاندان اور ساتھیوں سمیت تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیااس موقع پر تحریک انصاف کے ضلعی صدر اور ممبر صوبائی ادریس خٹک،اسماعیل خٹک،ذوالفقار خٹک اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔