لاہور(سلیمان چودھری ) شہباز شریف کے دور حکومت میں محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر ہونے والی مبینہ کرپشن،من پسند افراد کی بھرتیوں اور پرائیویٹ کمپنیوں کو ٹھیکوں کے خلاف تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ۔مختلف ذیلی پروگرامز میں ملازمین کی بھرتی ، آئی وی کینولا کی خریداری ، پرائیویٹ سیکرٹری فرم کی خدمات ، گیس سلنڈرز کی خریداری ، سرکاری ہسپتالوں میں نصب جنریٹرز کی تنصیب و مرمت اور ملازمین کی ٹیکنکل پوسٹوں پر تعیناتیوں کی جانچ پڑتال شروع کر دی گئی، سیکرٹری پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر زاہد اختر زمان سے نیب لاہور نے تفصیلات طلب کر لیں ۔روزنامہ 92نیوزکو موصول ہونے والے نوٹس کے مطابق نیب نے سیکرٹری پرائمری اینڈ سکینڈری کو ہدایت دی ہے کہ وہ لاہور کے ہسپتالوں میں پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ میں کام کرنے والے ایڈمن آفیسر ، اسسٹنٹ ایڈمن آفیسر ، بجٹ اینڈ فنانس اور پرکیورمنٹ سیکشن کے ملازمین کی تفصیلات طلب فراہم کریں ، مزیدبرآں ان شعبوں کام کرنے والے ملازمین کی تنخواہیں ، تعلیمی قابلیت اور جن رولز کے تحت بھرتی کی گئی اس بارے میں پوچھا گیا ہے ،ڈاکٹر مختار احمد شاہ جو کہ ماں بچہ صحت پروگرام میں اپنی ریٹائرمنٹ سے ایک سال قبل وہاں تین سال کے کنٹریکٹ پر تعینات ہوئے اور ان کی تنخواہ 5لاکھ 50ہزارروپے مقرر کی گئی ، واضح رہے کہ چند روزقبل محکمہ ایس اینڈ جی اے ڈی پنجاب نے ان کی تعیناتی کو کالعدم قرار دیا جس کے بعد ان کو ملازمت سے فارغ کر دیا گیا،اسی طرح ایڈیشنل ڈائریکٹر ماں بچہ پروگرام ڈاکٹر اختر رشید جو کہ اس وقت برطانیہ کے ترقیاتی ادارے ڈیفیڈ کے ساتھ کام کر رہے ہیں کی اور ریٹائرمنٹ کے بعد ایڈیشنل ڈائریکٹر ڈاکٹر ذوالفقار چودھری کی تنخواہ ساڑھے چار لاکھ روپے مقرر ہے ان کی تعیناتی جن رولز کے تحت کی گئی وہ طلب کیے گئے ہیں ،اسی طرح محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کئیر کے تحت مریضوں کے لیے خریدی گئی آئی وی کینولا کے ریٹس ، ٹینڈر ، بڈنگ دستاویز طلب کی گئی ہیں ۔ حاملہ خواتین کے لیے خریدی گئی ایمبولینسز کے اندر لگائے گئے آکسیجن سلنڈر ز جن کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ چائنہ سے خریدئے گئے اس کی بھی تفصیلات دی جائیں ،اسی طرح ہسپتالوں کی سکیورٹی کے نظام کو پرائیویٹ کمپنی پیسفک سکیورٹی کمپنی دیئے گئے ٹھیکے کے بارے میں نیب نے پوچھا ہے اسی طرح ڈی ایچ کیو اور ٹی ایچ کیو ہسپتالوں میں نصب کیے گئے جنریٹر ز کو چلانے اور ان کی مرمت کا ٹھیکہ ایمان گروپ کو دینے کی بھی تفصیلات طلب کی گئی ہیں۔اسی طرح سرمیک کمپنی کے ذریعے ٹیکنیکل سٹاف کی بھرتی اور ان کو دیئے گئے بجٹ کے حوالے سے تفصیلات فراہم کی جائیں ۔ سیکرٹری پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کئیر زاہد اختر زمان نے کہا کہ انہوں نے اس حوالے سے متعلقہ سیکشنز کو ہدایات جاری کر دی ہیں کہ نیب کو جو بھی دستاویزات مطلوب ہیں وہ تیا ر کر کے فراہم کی جائیں۔