پشاور(نیوز رپورٹر) جمعیت علماء اسلام (ف)کے امیر مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ جے یوآئی 25جولائی کے عام انتخابات کو تسلیم نہیں کرتی یہ حکومت ناجائز ہے اور نا اہل بھی ، اکتوبر میں پوری قوم کو اسلام آباد لیکر آئیں گے ۔جے یو آئی کا دھرنا تاریخی ہوگا، جو عوام کا دھرنا ہوگا،حکومت کے پاس کوئی پالیسی نہیں ،یہی وجہ ہے کہ معیشت اس حد تک تباہ ہو چکی ہے کہ تاریخ کے بدترین دور سے گزر رہی ہے پشاور میں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے فضل الرحمان نے کہا کہ موجودہ حکومت سے ہر مکتبہ فکر کا شخص پریشان ہے جبکہ میڈیا پر مارشل لا دور سے بھی سخت قدغن لگا ئی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اسلام آباد لاک ڈاؤن کے لئے منصوبہ بندی کر رکھی ہے ، دھرنے میں اپوزیشن جماعتیں بھی آئیں گی ، حکومت نے مجھے گرفتار کرنے کی کوشش کی بھی تو دھرنے میں کچھ فرق نہیں پڑیگا، فضل الرحمن کا کہنا تھا کہ کشمیر کے معاملے کو بین الاقوامی سطح پر اٹھایا گیا ہے اسلئے جنگ کی کوئی صورت نظر نہیں آتی ہے ، کشمیر کی ذمہ داری ریاست پر عائد ہے ،خارجہ پالیسی ملکی مفادات کے گرد گھومتی ہے ہم 70 سال میں کسی ایک اسلامی ملک کوخارجہ پالیسی کے ذریعے دوست نہیں بناسکے ۔