اسلام آباد (این این آئی)معروف گلوکار سلمان احمد کو پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کا مذاق اڑانے کیلئے ایک ایڈیٹڈ (تدوین شدہ) تصویر شیئر کرنا مہنگا پڑ گیا۔سلمان احمد تحریک انصاف کے سپورٹر بھی ہیں اور اکثر ٹوئٹر پر پیپلز پارٹی کو تنقید کا نشانہ بناتے رہتے ہیں تاہم ایک روز قبل انہوں نے بلاول بھٹو کی ایسی تصویر شیئر کی جس میں چیئرمین پی پی پی کو خاتون سے تشبیہ دی گئی تھی ۔ مذکورہ تصویر پر نہ صرف انہیں ٹوئٹر صارفین بلکہ کئی معروف شخصیات نے انہیں آڑے ہاتھوں لیا۔معروف اینکر ناجیہ اشعر نے کہاکہ ایک مرد کو عورت سے تشبیہ دے کر مردانگی دکھانا، عورت کی تذلیل کرنا گھٹیا سوچ ہے ۔معروف اینکر اور میزبان وسیم بادامی نے ٹویٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ سلمان بھائی افسوس، بہت افسوس، سیاسی رائے سے بھرپور اختلاف کریں لیکن یہ کیا۔؟ مذکورہ تصویر پر وزیراعظم کی کورونا ریلیف ڈرائیو، فوکل پرسن کی نمائندہ خصوصی ملیحہ ہاشمی نے براہِ راست تو تبصرہ نہیں کیا البتہ سینئر صحافی نسیم زہرہ کی جانب سے معافی کے مطالبے پر انہوں نے کہا کہ انہیں ضرور مانگنی چاہیئے ۔ دوسری طرف سلمان احمد نے سخت تنقید کے باوجود ایک روز گزر جانے کے بعد بھی مذکورہ تصویر ڈیلیٹ کی اور نہ ان کی جانب سے معذرت کی گئی۔اس حوالے سے رکن قومی اسمبلی علی وزیر نے گلوگار کو نصیحت کرتے ہوئے لکھا کہ اتنا مت گرنا کہ پھر اٹھ نہ سکو۔