پشاور(نیٹ نیوز) پولیس میں خواتین اہلکاروں کی تعداد میں اضافے کے بعد خواتین پولیس اہلکار ٹریفک کا نظام سنبھالنے اور ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی اور لائسنس دینے جیسے فرائض کی انجام دہی بھی نبھا رہی ہیں۔ڈی ایس پی انیلہ ناز پشاور پولیس کی پہلی خاتون ٹریفک پولیس افسر ہیں جو سڑکوں پر خاتون آفیسر کے طور پر لائسنس چیک کرتی اور عوام کو ٹریفک قوانین کے بارے میں آگاہی دیتی نظر آتی ہیں۔خیبر پختونخوا کی پہلی موٹر لائسنس اتھارٹی کی خاتون افسر انیلہ نازنے کہا ہے کہ میں پہلی خاتون ہوں جسے یہ عہدہ ملا۔لکی مروت سے تعلق رکھنے والی انیلہ ناز نے کہا کہ ان کے علاقے میں لڑکیوں کی تعلیم کو معیوب سمجھا جاتا تھا، پولیس افسر بننے پر بھی تنقید کا نشانہ بنایا گیا لیکن اب وہی لوگ اپنی بچیوں کو سکول بھیج رہے ہیں۔پسماندہ علاقہ میں رہتے ہوئے تعلیم مکمل کرنا اور اپنی قابلیت کے بل بوتے پولیس افسر بننا یقینا دوسری خواتین کے لیے مشعل راہ ہے ۔