لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ڈومیسٹک کرکٹرز کو دی جانے والی رقم دگنی کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور بہترین کارکردگی دکھانے والوں کو علیحدہ کنٹریکٹ دیے جائیں گے ۔پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر وسیم خان نے بورڈ کے 5سالہ منصوبے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ اس سال ورلڈ ٹی20 کا انعقاد مشکل نظر آتا ہے اور یہ کھیل اور ہمارے لیے مالی طور پر بڑا نقصان ہو گا۔انہوں نے کہاکہ جیسا کہ آپ جانتے ہیں کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی) ٹورنامنٹس کے بعد اراکین کو اچھی رقم ملتی ہے تاہم ورلڈ ٹی20 غیریقینی ہونے کی وجہ سے ہم ہنگامی منصوبے پر کام کر رہے ہیں، ہم بدترین صورتحال کے بارے میں سوچ کر پہلے سے منصوبہ بندی کر رہے ہیں اور اپنے اخراجات اور بجٹ کو کم کر رہے ہیں، ہم ڈومیسٹک اور ویمن کرکٹ پر سمجھوتہ نہیں کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ اگلے ڈومیسٹک سیزن میں ہم کھلاڑیوں کے لیے رقوم دگنی کردیں گے اور ڈومیسٹک کرکٹ میں اچھی کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لئے ایک نئی کیٹیگری بھی متعارف کرائیں گے ،جہاں تک ڈومیسٹک کرکٹ کی بات ہے تو وسیم خان نے کہا کہ گزشتہ سال کی گئی تبدیلیوں کے مطابق چھ ٹیمیں ڈومیسٹک کرکٹ میں مدمقابل ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ ہم طویل المدتی پائیدار نظام بنانے کی کوشش کررہے ہیں تاکہ ہم مستقبل میں بین الاقوامی سطح پر اچھی کارکردگی دکھا سکیں، مجھے معلوم ہے کہ گزشتہ سال ڈومیسٹک کرکٹ کے ماڈل پر تنقید کی گئی تھی لیکن کرکٹ بورڈ کی حیثیت سے کرکٹ کی بہتری کے لیے صحیح فیصلے کرنا ہمارا فرض ہے ۔پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو نے کہا کہ حال ہی میں ہم نے ہائی پرفارمنس سینٹرز کی تشکیل نو کرتے ہوئے اس میں ثقلین مشتاق اور ندیم خان جیسی پیشہ ورانہ شخصیات کو شامل کیا ہے ، اس کے علاوہ دورہ انگلینڈ کے لیے یونس خان اور مشتاق احمد پاکستان کی ٹیم مینجمنٹ کا حصہ ہیں لہٰذا ہماری کوشش ہے کہ ہمارے کھلاڑیوں اور نوجوانوں کو سہولیات فراہم کر سکیں۔انہوں نے کہاکہ میں یہ کہنا چاہتا ہوں کہ ڈپارٹمنٹس کرکٹ کی سرگرمیاں جاری رکھ سکتے ہیں لیکن ہم باضابطہ طور پر انہیں تسلیم نہیں کر سکتے۔