لاہور، کوئٹہ، اسلام آباد ، سرگودھا ( اپنے رپورٹر سے ، نمائندہ خصوصی سے ،سٹاف رپورٹر، وقائع نگار) لاہور اور دیگر شہروں میں موسلا دھار بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا، پنجاب اور ملک بھر کے مختلف علاقوں میں بارش ہوئی، بلوچستان کے ضلع ہرنائی میں ندی نالوں میں طغیانی آگئی، بند میں شگاف پڑنے سے درجنوں دیہات میں سیلاب آگیا، لاہور میں پیر کی صبح کی بارش سے سرکاری دفاتر میں حاضری متاثر رہی اور سائلین کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا، لاہور میں سب سے زیادہ بارش نشتر ٹاؤن میں 44 ملی میٹر یکارڈ کی گئی، جوہر ٹاؤن 32،گلبرگ 31، پنجاب یونیورسٹی 26، ایئر پورٹ 22،جیل روڈ 17، تاجپور 15، پانی والا تالاب 14، سمن آباد 14، اقبال ٹاؤن 13، اپر مال 12،لکشمی چوک میں 11 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ لیسکو کے 105 فیڈرز ٹرپ کرگئے ، گھنٹوں بجلی غائب رہی ۔ پی ٹی سی ایل ایکسچینج میں تکنیکی خرابی کے باعث گزشتہ روز شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، شہریوں کو ریسکیو اور دیگر پبلک سروسز کے استعمال میں مسائل کا سامنا رہا۔ بارش کے سبب سول سیکرٹریٹ میں قائم دفاتر محکمہ خزانہ، تعلیمات ہائر ایجوکیشن ، داخلہ ،آئی اینڈ سی ،کوآپریٹو، بلدیات کے ساتھ ساتھ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ، اولڈ پی اینڈ ڈی میں قائم دفاتر تعلیمات سکولز ایجوکیشن ، انڈسٹریز، زراعت، لائیو سٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ میں بھی ملازمین کی بڑی تعداد بروقت دفتر نہ پہنچ سکی ، ملازمین کی دفتر آمد کا سلسلہ ساڑھے دس بجے تک بھی جاری رہا، لاہور میں بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے ۔ دریائے جہلم میں اونچے درجے کا سیلاب آگیا اور سرگودھا کے 100سے زائد دیہات زیر آب آ گئے ،ضلعی انتظامیہ لا علم رہی جس کے باعث امدادی کارروائیاں شروع نہ ہو سکیں، مکینوں نے احتجاج کرتے ہوئے حکومت سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا، بھیرہ ، شاہپور ، ساہیوال اور سلانوالی کے دیہات زیر آب آ چکے ہیں ، نواحی چک کد لتھی کے مکینوں نے سروے کے دوران بتایا چھ روز سے دیہات میں پانی ہے مگر ریلیف کیمپ تک نہیں لگایا گیا ۔ بلوچستان کے ضلع ہرنائی میں طوفانی بارشوں کے باعث ندی نالوں میں طغیانی آگئی ،سروتی حفاظتی بند میں شگاف پڑنے سے درجنوں گائوں سیلاب کی زد میں آگئے ہیں ،درجنوں مکانات منہدم ہوگئے ،فیصل آباد میں تیز ہوائوں کے ساتھ بارش سے سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا ،بورے والا، لودھراں میں بھی بارش نے موسم خوشگوار بنا دیا،ٹوبہ ٹیک سنگھ ،اوکاڑہ اور قصور میں بھی شدید بارش ہوئی ، ملکہ کوہسار مری میں بارش اور ژالہ باری سے موسم سرد ہوگیا ۔